بی جے پی سب سے بڑی ’’وبائی بیماری‘‘ ہے، جو ملک میں آمریت چلا رہی ہے: ممتا بنرجی
کولکاتا، اکتوبر 3: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں ’’آمریت‘‘ چلا رہا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی ایک ’’وبائی بیماری‘‘ ہے جو دلتوں کو سب سے زیادہ اذیت دے رہی ہے۔
بنرجی نے یہ بات ہاتھرس میں ہوئے سانحے کے خلاف کولکاتا میں ایک احتجاجی ریلی میں کہی۔
بنرجی نے کہا ’’کوویڈ۔19 بڑی وبائی بیماری نہیں ہے۔ بی جے پی سب سے بڑی وبائی بیماری ہے۔ یہ دلت اور پسماندہ طبقات کے خلاف مظالم کی سب سے بڑی وبائی بیماری ہے۔ ہمیں ان مظالم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔ جس قسم کے مظالم ہو رہے ہیں وہ سراسر ناقابل قبول ہیں۔‘‘
بنرجی نے دعوی کیا کہ ’’عوام کے لیے‘‘ حکومت چلانے کے بجائے بی جے پی نے ’’عوام، دلت اور کسان مخالف‘‘ حکومت چلائی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق بنرجی نے کہا ’’جو ہوا وہ قابل مذمت ہے۔ میرے لیے میری ذات انسانیت ہے۔‘‘
واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو ترنمول کانگریس کے رہنما ڈیریک او برائن کو ہاتھرس جانے کو کوشش کرتے وقت اتر پردیش پولیس نے زمین پر دھکیل دیا اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور انھیں ہراساں کیا۔