بہار اسمبلی انتخابات: ’’حکومت دیر تک نہیں چلے گی‘‘، منوج جھا نے نتیش کمار کو کیا متنبہ
پٹنہ (بہار)، 15 نومبر: ریاستی انتخابات میں این ڈی اے کی معمولی فرق سے کامیابی کے بعد راشٹریہ جنتا دل کے رہنما منوج جھا نے اتوار کے روز نتیش کمار کے بہار کے وزیر اعلی بننے کے امکان پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے ہیں۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے جھا نے دعوی کیا کہ نتیش کمار این ڈی اے کی معمولی اکثریت کی وجہ سے زیادہ دیر تک اس عہدے پر فائز نہیں رہ پائیں گے۔
جھا نے کہا ’’یہاں تک کہ این ڈی اے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھی اعتراف کرنا ہوگا کہ اگر تبدیلی کا مینڈیٹ نہ ہوتا تو نتیش جی تقریباً 40 نشستوں پر بھی کامیابی حاصل نہیں کر پاتے۔‘‘
انھوں نے یہ بھی اشارہ کیا کہ بی جے پی جنتا دل (یونائیٹڈ) کے 43 کے مقابلے میں 74 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد اتحاد میں سینئر شراکت دار کے طور پر سامنے آئے گی اور ریاست میں اپنی حکومت چلائے گی۔
جھا نے کہا ’’ان کے [جے ڈی یو] کے پاس حکم کی تعمیل کرنے کے سوا اور کوئی متبادل نہیں ہے۔ نتیش کمار کم و بیش 40 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ وزیر اعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی کے پاس اس خواب کی اسکرپٹ ہے۔ انتظار کریں اور دیکھیں کہ بہار میں کیا ہوتا ہے۔‘‘
جھا نے اس ہفتے کے شروع میں بھی کمار کے خلاف اسی طرح کے سوالات اٹھائے تھے اور اس طرف اشارہ کیا تھا کہ عوام کا فیصلہ ان کے خلاف ہے اور یہ کہ ان کا وزیر اعلی کے عہدے کا ’’وہم‘‘ زیادہ دن نہیں چل سکے گا۔
آج این ڈی اے کا اہم اجلاس
وہیں این ڈی اے کے شراکت دار آج ایک میٹنگ کر کے این ڈی اے کہ وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کریں گے۔ جے ڈی (یو) اور بی جے پی کے علاوہ اس اتحاد میں جتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ اور مکیش سہانی کی وکاس شیل انسان پارٹی بھی شامل ہے۔