بھوپال: شہریت قانون کی مخالفت میں کانگریس کا ’آئین بچاؤ امن و انصاف مارچ‘
بھوپال: شہریت (ترمیمی) ایکٹ (سی اے اے 2019) کی مخالفت میں کل (25 دسمبر) مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی قیادت میں کانگریس کا ’آئین بچاؤ امن و انصاف مارچ‘ نکالا جائے گا جس میں کانگریس سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیداران شامل ہوں گے۔
کانگریس کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں ریاستی کانگریس اور تنظیم کے انچارج چندر پربھاش شیکھر نے بتایا کہ مجوزہ ’آئین بچاؤ امن و انصاف مارچ‘ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی قیادت میں نکالا جائے گا۔ جوکہ کل دوپہر 12 بجے بھوپال کے رنگ محل چورا ہے سے شروع ہوگا اور منٹو حال تک پیدل سفر کے بعد گاندھی کے مجسمے کے سامنے ختم ہوگا۔
مارچ میں کانگریس کے عہدیداران، کارکنان کے علاوہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے شیلیش شیلی، بہوجن سماج پارٹی کے راج کمار گوتم، ترنمول کانگریس پارٹی کے ستیش چوہان، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے برج موہن شریواستو، لوک تانترک سماجوادی پارٹی کے رگھو ٹھاکر، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندے، سابق فوجی، طلبہ و طالبات کے علاوہ دیگر افراد بھی شریک ہوں گے۔
مارچ کےدوران نظم و نسق کی ذمہ داری کانگریس سیوادل کودی گئی ہے، وہیں مقامی اور قرب و جوار اضلاع کے کانگریس ضلع صدور اور عہدیداران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں اس مارچ میں شریک ہوں۔