بنگال: ضمنی انتخابات میں ممتا کامیاب، بی جے پی کی شکست فاش
کولکاتا: کالیا گنج اور کھڑکپور صدر اسمبلی حلقے میں ضمنی انتخاب میں کامیابی اور کریم پور اسمبلی حلقے میں بڑے فرق سے سبقت حاصل کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ بی جے پی کے تکبر کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی اور شہری ترمیمی بل کے نام پر جو خوف و ہراس پھیلایا گیا تھا اس کا عوام نے صحیح جواب دیا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ عوام کی جیت ہے اور یہاں کے عوام نے بی جے پی کو الوداع کہہ دیا ہے۔
ان تینوں حلقوں میں ضمنی انتخاب میں این آر سی ایک اہم ایشو تھا۔ بی جے پی پوری شدت سے اسے نافذ کرنے کی بات کہہ رہی تھی جب کہ ممتا بنرجی ریاست کے عوام کو یقین دلارہی تھیں کہ جب تک وہ بنگال میں ہیں این آر سی نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ممتا بنرجی کی دلیل تھی کہ این آر سی کی وجہ سے کروڑوں ہندوستانی شہریوں کو غیر ملکی قرار دے دیا جائے گا۔ آسام میں لاکھوں بنگالیوں کے نام این آر سی میں شامل نہیں ہونے کی وجہ سے بنگالی عوام میں شدید ناراضگی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج پر این آر سی کا ایشو حاوی ہوگیا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال کے عوام نے کبھی بھی تکبر اور غرور کو پسند نہیں کیا ہے۔ بی جے پی نے بڑے ہی زور شور سے این آر سی کا ایشو اٹھایا تھا مگر نتیجہ کیا ملا یہاں کے عوام نے انہیں رد کردیا۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک معاشی طور پر بدحالی کا شکار ہے۔ بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور روزگار کے مواقع نہیں پیدا ہو رہے ہیں بلکہ کم ہو رہے ہیں۔ ایسے میں بی جے پی این آر سی کے نام پر خوف پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے مگر یہاں کے عوام نے رد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کالیا گنج اورکریم پور اسمبلی حلقہ میں بڑی تعداد میں رفیوجی آباد ہیں۔ اس کے باوجود بی جے پی کے شہری ترمیمی بل کے نفاذ کا وعدہ کام نہیں آیا۔ کالیا گنج سے بی جے پی کے امیدوار نے بھی تسلیم کیا ہے کہ ان کی شکست کی وجہ این آر سی ہے۔
(ایجنسیاں)