بلقیس بانو عصمت دری کیس کا مجرم گجرات حکومت کے پروگرام میں ہوا شامل

نئی دہلی،27 مارچ :۔

گجرات میں 2002 میں ہوئے مسلم کش فسادات کے دوران بلقیس بانواجتماعی عصمت دری معاملے میں گیارہ مجرموں کو پچھلے سال رہا کر دیا گیا تھا ۔مجرمین کی رہائی کے خلاف ابھی بلقیس بانو  کی سپریم کورٹ میں جدو جہد جاری ہے۔  دریں اثنا گیارہ مجرموں میں سے ایک گزشتہ روز گجرات حکومت کے پروگرام میں شامل ہوا جس  کی تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مجرم شیلیش بھٹ پروگرام میں بی جے پی ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے کے ساتھ اسٹیج پر پہلی صف میں بیٹھا ہوا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق داہود ضلع کے سنگواڈ تعلقہ کے کرماڈی گاؤں میں گجرات آبی سپلائی اور سیوریج بورڈ (جی ڈبلیو ایس ایس بی ) منصوبے کے سنگ بنیاد پروگرام میں 63 سالہ مجرم شیلیش بھٹ شامل ہوا۔داہود ضلع محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری پروگرام کی تصویر میں شیلیش بھٹ سب سے آگے کی صف میں جسونت سنگھ بھابھور اور سنگواڈ تعلقہ پنچایت کے صدر کانتا ڈامور کے درمیان بیٹھا ہے ۔ اسٹیج کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل ،آبی سپلائی کے وزیر کنور جی باولیا اور جسونت سنگھ بھابھور کے پوسٹر لگے ہوئے ہیں۔

ایک مجرم کے گجرات حکومت کے پروگرام میں شامل ہونے کی تصویر سامنے آنے کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا  ہے۔ اس پورے معاملے پر شیلیش بھٹ نے بتایا کہ یہ ایک عوامی پروگرام تھا جس میں میں نے حصہ لیا تھا ، میرے پاس کہنے کے لئے اور کچھ نہیں ہے ۔ جبکہ  رکن پارلیمنٹ جسونت سنگھ بھابھور نے شیلیش کی موجود پر سوال کا جواب نہیں دیا۔ داہود ضلع انتظامیہ کے افسروں نے کہا کہ کس نے شیلیش بھٹ کو پروگرام میں مدعو کیا ،انہیں اس کی معلومات نہیں ہے ۔

واضح رہے کہ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانوکی اجتماعی عصمت دری اور اس کے اہل خانہ کے چودہ اراکین کا قتل کر دیا گیا تھا اس معاملے میں مجرم قرار دیئے گئے اور سزا پانے والے شیلیش بھٹ اور دس دیگر کو گزشتہ سال 15 اگست کو رہا کیا گیا تھا۔اس معاملے میں بلقیس بانونے مجرمین کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور گیارہ مجرموں کو وقت سے پہلے رہائی کو چیلینج کیا گیا ہے ۔