این پی آر کو کیا گیا عدالت عظمی میں چیلنج، حکومت کو نوٹس جاری
نئی دہلی، جنوری 17: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز قومی آبادی کے اندراج (این پی آر) کی تیاری کے لیے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی میں ایک بینچ 22 جنوری کو سی اے اے کے خلاف 60 سے زائد درخواستوں کے ساتھ اس معاملے کی بھی سماعت کرے گا۔
مغربی بنگال سے 20 افراد کی طرف سے دائر کردہ مشترکہ درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ شہریت (شہریوں کی رجسٹریشن اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا) کے قواعد، 2003 مقامی رجسٹرار کو این پی آر سے "مشتبہ شہری” کی حیثیت سے نشان زد کرنے کا اختیار فراہم کرتے ہیں لیکن موجودہ این پی آر میں ان اصولوں پر عمل نہیں ہوتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ "اس طرح شہریت کے شکوک کو مقامی رجسٹرار کے ذاتی تعصب اور صوابدید پر چھوڑ دیا گیا ہے۔”
درخواست میں استدلال کیا گیا ہے کہ کسی بھی شہری کی شہریت صرف 1952 کے شہریت ایکٹ 1959 کے سیکشن 9 اور 10 کے تحت محروم کی جاسکتی ہے۔ لہذا کسی افسر کو "مشتبہ شہریوں” کی نشاندہی کرنے کا اختیار بلاجواز ہے۔
درخواست میں اس پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ لگ بھگ 300 ملین ہندوستانی بے زمین ہیں اور وہ دستاویزات کی بنیاد پر شہریت کے دعوے قائم نہیں کرسکتے ہیں۔
درخواست میں اس نوٹیفکیشن کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
متعدد سیاسی جماعتوں نے بھی این پی آر پر سوال اٹھایا ہے کہ یہ این آر سی کی طرف پہلا قدم ہے۔