ایم پی الیکشن :ٹکٹوں کی تقسیم کے بعدبی جے پی میں زبردست ناراضگی،پارٹی سے استعفوں کا سلسلہ جاری
نئی دہلی ،23اکتوبر :۔
مدھیہ پردیش میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام پارٹیوں کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کا علان کر دیا ہے ۔دریں اثنا بی جے پی نے بھی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے ۔بی جے پی کے امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ہی تنازعہ شروع ہو گیا ہے ۔ناراض بی جے پی رہنماؤں نے ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے پارٹی چھوڑنا شروع کر دیا ہے ۔اس سے قبل متعدد رہنماؤں نے پارٹی سے بغاوت کرنے کے اشارے بھی دیئے ہیں ۔ تازہ اطلاع کے مطابق سابق وزیر رستم سنگھ نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہیں ٹیکم گڑھ سے سابق رکن اسمبلی کے کے شریواستو نے بھی پارٹی چھوڑ دی ہے۔
دراصل ریاست میں اسمبلی انتخاب 17 نومبر کو ہونا ہے اور اس کے لیے بی جے پی اپنے 228 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر چکی ہے۔ پارٹی کے ذریعہ اعلان کردہ ناموں کو دیکھنے کے بعد بڑی تعداد میں لیڈران و کارکنان ناراض ہیں اور پارٹی سے استعفیٰ دینے کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
بھنڈ کے قدآور لیڈر اور سابق وزیر رستم سنگھ نے پارٹی کی بنیادی رکنیت کے ساتھ ساتھ تمام عہدوں سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس سے قبل ان کے بیٹے نے بھی پارٹی چھوڑ دی تھی اور وہ بی ایس پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اسی طرح ٹیکم گڑھ ضلع کے سابق رکن اسمبلی کے کے شریواستو نے بھی بی جے پی کی بنیادی رکنیت اور سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے پارٹی صدر کو بھیجے اپنے استعفیٰ نامہ میں کہا ہے کہ ٹکٹ تقسیم میں سروے اور کارکنان کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس سے میں مایوس ہوں۔ اس لیے سبھی ذمہ داریوں سے آزاد ہو کر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔