نئی دہلی :اسرائیلی سفارت خانے کے باہر فلسطین کی حمایت میں طلبا کا مظاہرہ

دہلی یونیور سٹی،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جواہر لال نہرو یونیور سٹی کے طلباء نے مارچ میں حصہ لیا

نئی دہلی،23اکتوبر :۔

ہندوستان میں فلسطین  اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران دائیں بازو کے شدت پسند کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں ،گزشتہ دنوں انہوں نے باقاعدہ ریلی نکال کر اسرائیل کی حمایت کا علان کیا تھا ،وہیں دوسری طرف بائیں بازو کے طلبا بھی مظلوم فلسطینیوں کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں ۔انہوں نے گزشتہ دنوں ریلی کا انعقاد کیا تھا جسے پولیس نے جبراً روکنے کی کوشش کی اور متعدد طلبا کو ڈٹین بھی کیا ۔آج ایک بار پھر فلسطین کی حمایت میں بائیں بازو کی اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (SFI) اور  دیگر گروپوں کے ارکان نے   دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فلسطین کے حق میں ایک مظاہرے کا اہتمام کیا۔200 سے زائد مظاہرین سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے، جنہوں نے پلے کارڈز  اٹھا رکھے  تھے جن پر لکھا تھا "دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا۔مظاہرے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ ،دہلی یونیور سٹی اور جواہر لال نہرو کے طلباء نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔

مظاہرین نے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے اے پی جے عبدالکلام روڈ پر بہت سے مظاہرین کو حراست میں لے لیا، افسران کو ان کا پیچھا کرتے ہوئے اور  مظاہرے کی جگہ سے  ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔پولیس اور فورس کے جوانوں نے طلباء اور طالبات کو گھسیٹ کر زبر دستی بسوں میں بھر کر جعفر پور پولیس اسٹیشن لے گئے ۔ مارچ کے دوران مظاہرین نے فلسطین کے حق میں ریلی کی حمایت میں پرچم لہرائے۔