ایران کا اسرائیل پر حملہ، 300 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل فائر
ایران کے حملے کے بعد اسرائیل میں افراتفری کا ماحول ،لوگ محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں بھاگتے نظر آئے
تہران ،14 اپریل :۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں گزشتہ چھ ماہ سے چل رہے حملے میں تباہی اور بربادی پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔مگر گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر حملہ شروع کر دیا ہے۔ایران نے درجنوں ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے اسرائیل پر حملہ کردیا۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ اس نے یہ کارروائی کرکے یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق اس کے سفارت خانے پر کیے گئے حملے کا جواب دیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق دمشق میں ایرانی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل فائر کردیئے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایران سے براہ راست حملے کی تصدیق کردی، درجنوں ڈرونز اور بیلسٹک میزائل ایران سے روانہ ہوئے اور اسرائیل کے لیے اپنا راستہ بنایا ہے۔
دریں اثنا ایران کی طرف سے اتوار کی صبح اسرائیل کی طرف 200 سے زیادہ میزائل اور ڈرون داغے گئے۔ غیر معمولی حملے کے دوران اسرائیلی حکام کی ہدایات کے مطابق اسرائیلی شہریوں کوچھپنے کے لیے پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے دیکھا۔سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ویڈیو میں لوگوں کے ہجوم کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ لوگ میزائلوں سے بچنے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہاگری نے اعلان کیا کہ ایران نے اسرائیل کی طرف زمین سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں میزائل داغے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیل نے اسرائیلی سرحدوں سے باہر روک دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق انھوں نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے اسرائیل کی سرحدوں کے باہر 10 سے زیادہ کروز میزائلوں کو تباہ کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ درجنوں ڈرونز کو اسرائیل کی سرحدوں کے باہر بھی روکا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ایران نے ہفتے کی شام سے اسرائیل پر 200 سے زیادہ ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔ ایک باخبر ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی فارس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حملہ کئی مراحل میں ہونے کا منصوبہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایران نے اسرائیل میں اہداف پر درجنوں ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔
واضح رہے کہ تہران نے اپریل کے شروع میں دمشق میں ایرانی قونصل خانے پرحملے کے بعد اسرائیل سے بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا جس کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے دو جنرلوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔