فاروق طاہر۔ حیدرآباد
کووڈ(Covid-19) نے دنیا کے معمولات کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ آن لائن کام اور آن لائن تعلیم کا رجحان اس وبائی مرض کی وجہ سے بہت زیادہ زور پکڑتا جا رہا ہے اور حالات کے معمول پر آنے کے بعد بھی قوی اندیشہ ہے کہ اس رجحان میں شاید ہی کوئی کمی واقع ہو پائے۔ کے جی تا پی جی طلبہ کو لکھنے پڑھنے اور سیکھنے کے عمل میں مددگار ایسے کئی ایپس موجود ہیں جس سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ اپنے تعلیمی نقصان کی پابجائی کر سکتے ہیں۔ صحت و طبی نقطہ نظر سے وباء کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کو بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔ پڑھنے لکھنے اور سیکھنے کا شوق رکھنے والے طلبہ حتیٰ کہ تعلیم بالغان کے لیے تعلیمی ایپس اور ویب سائٹس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ان ایپس اور ویب سائٹس سے طلبہ اپنی تعلیمی پیاس کو بجھا سکتے ہیں۔ اپنے علم میں اضافے کے متمنی طلبہ کے لیے ایسی تعلیمی ویب سائٹس اور ایپس موجود ہیں جو مفت آئن لائن تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔ فی زمانہ ایجوکیشنل ایپس کی کوئی کمی نہیں لیکن بہت ہی کم ویب سائٹس اور ایپس ایسے ہیں جو معیار اور اعتبار کی کسوٹی پر پوری اترتی ہیں۔ ذیل میں 31 ایسے تعلیمی ایپس کے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں جو معلومات اور معیار کے مطابق ہیں اور جن سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ اپنے تعلیمی سفر کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری و ساری رکھ سکتے ہیں۔
کورسیرا ( Coursera)
ہارورڈ یونیورسٹی، آکسفورڈ یونیورسٹی لندن اور کیلیفورنیا یونیورسٹی میں پڑھنا ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ لیکن زیادہ تر طلبہ ان اعلیٰ درجے کے تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل نہیں کر پاتے ہیں۔ کورسیرا ادب (لٹریچر)، سائنس، آرٹس، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں میں ہارورڈ یونیورسٹی آکسفورڈ یونیورسٹی لندن اور کئی اعلیٰ جامعات کے مفت کورسز فراہم کرتا ہے۔ کورس کی تکمیل پر سند (سرٹیفیکیشن) بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔کورسیرا ایپ کے علاوہ گوگل پر بھی مفت کورسز اور سرٹیفیکیشن فراہم کرتا ہے۔ کورسیرا کے چند کورسز پیڈ ہیں جن کی فیس ادا کرنا لازمی ہے۔
ڈو لنگو (Duolingo)
ڈو لنگو Duolingo زبان سیکھنے کی ایک مفت ایپ ہے۔ یہ دنیا کی 38 مختلف زبانیں( لسانیات) سکھانے والے 98 مختلف کورسز فراہم کرتا ہے۔ ڈو لنگو ویڈیو گیمز کی طرح کام کرتا ہے یعنی آپ ایک مرحلے( لیول) کی تکمیل کے بعد ہی دوسرے مرحلے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ جب آپ ایک لیول کو مکمل کر لیتے ہیں تو یہ آپ کو انعام کے طور پر خیالی (ورچوول) سکے (کوائنس) دیتا ہے جو آپ کو اگلے مرحلے (لیول) تک لے جاتے ہیں۔ امتحان کے دوران غلطی پر مفت ٹپس بھی دی جاتی ہیں اور اصلاح کے طریقے بھی سکھائے جاتے ہیں۔ ڈو لنگو کسی ایک زبان کے درس و اکتساب پر مبنی جملہ 34 لکچرس فراہم کرتا ہے جو یونیورسٹی سمسٹر کے برابر ہوتے ہیں۔
فوٹومیاتھ (Photomath)
فوٹو میاتھ ایک ایسی ایپ ہے جو ریاضی کے سوالوں کو حل کرتی ہے۔اس ایب میں آپ ریاضی کا جو سوال حل کرنا چاہتے ہیں اس کی تصویر کو اسکیان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سوال کی تصویر لیتے ہی آپ کا سوال حل ہو جاتا ہے۔ سوال کو حل کرنے کے اسٹپس (طریقے) بھی واضح انداز میں دکھائے اور سمجھائے جاتے ہیں۔ اگر کوئی طالب علم ریاضی میں کمزور ہے اور مشکل تصور کرتا ہے تو فوٹو میاتھ اس کے لیے آسانیاں فراہم کردے گا اور ریاضی سیکھنے میں اس کے لیے بے حد مددگار ثابت ہوگا۔ طلبہ اس ایپ کے ذریعے اپنی ریاضی کی کمزوریوں کو دور کر سکتے ہیں۔ کسی بھی ریاضی کے سوال کو حل کرنے کے لیے صرف آپ کو سوال اسکیان کرنے کی ضرورت ہے۔
یوڈیمی(Udemy)
یوڈیمی(Udemy) آئن لائن تدریسی ایپس میں سے ایک ہے۔ یہ مفت اور فیس پر مبنی دونوں قسم کے کورسز فراہم کرتا ہے۔یوڈیمی کی توجہ کا مرکز مائیکرو سوفٹ سوفٹ ویئر ہے جس میں ریاضی، طبیعیات اور کیمسٹری جیسے تعلیمی مضامین کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ اس میں ایپ ڈوپلپمنٹ، ویب سائٹ ڈوپلپمنٹ، سافٹ ویئر ڈوپلپمنٹ وغیرہ جیسے کئی پروجیکٹس کی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
خان اکیڈمی(Khan Academy)
آن لائن سیکھنے کا ایک اور مفت ذریعہ خان اکیڈمی ہے۔ یہ روایتی مضامین فزکس، ریاضی، کیمسٹری وغیرہ جیسے کئی مضامین پر خاص طور پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ آپ خان اکیڈمی پر بہت ساری مختلف نت نئی چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔ خان اکیڈمی کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ایک مفت ایپ ہے۔ اس کے لیے آپ کو ایک پیسہ بھی ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سولولرن (SoloLearn)
سولولرن گوگل پلے اسٹور کی ایک ایپ ڈوپلپمنٹ کمپنی ہے۔ یہ کمپیوٹر لینگویج سیکھنے کے مختلف کورسز بالکل مفت پیش کرتی ہے۔ آپ اس ایپ کے ذریعے HTML ،CSS، جاوا اسکرپٹ (Java Script)، پئیتھان
ور دیگر کمپیوٹر لینگویجس سیکھ سکتے ہیں۔ ہر کمپیوٹر لینگویج کے لیے ایک ایپ ہے اور یہ تمام ایپس بالکل مفت دستیاب ہیں۔
لنکڈ ان لرننگ (LinKedIn Learning)
پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کے لیے لنکڈ ان لرننگ (LinKedIn Learning) جدید ایپس میں سے ایک نیا ایپ ہے۔ اس میں کورسز کی پلے لسٹس (فہرست) کے ساتھ ایک بہت ہی آسان انٹرفیس (سوفٹ ویئر کا سامنے نظر آنے والا حصہ) موجود ہے۔ لنکڈ لرننگ ایپ ملازمت سے متعلق مہارتیں جیسے آفس کے کام وغیرہ کی مہارت، تخلیقی صلاحیتیں اور ان سے متعلقہ دیگر دوسری چیزیں و مہارتیں فراہم کرتا ہے۔ مختلف پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کے لیے یہ پلیٹ فارم نہایت کارآمد، موثر، کارگر اور معاون ثابت ہوا ہے۔ پیشہ ورانہ اور دفتری مہارتوں کو سیکھنے کا یہ بہترین وسیلہ ہے۔ غیر پیشہ ورانہ مہارتوں جیسے کھانا پکانا وغیرہ کو سیکھنے میں یہ کوئی مدد فراہم نہیں کرتا ہے۔
امیزون کنڈل (Amazon Kindle)
امیز زون کنڈل (Amazon Kindle) سیکھنے کا ایک اور موثر و کارآمد ذریعہ ہے۔ آپ اسے انسٹال کر سکتے ہیں اور اس سے کتابیں بھی خرید سکتے ہیں۔ امیزون کنڈل کتابیں روایتی کتابوں (کاغذی کتابوں) کے مقابلے میں کم مہنگی ہوتی ہیں۔ آپ امیزون کنڈل سے کتابیں پڑھ سکتے ہیں، اسٹور کرسکتے ہیں اور ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ امیزون کنڈل کے مماثل دیگر دو اور گوگل پلے بکس (Google Playbooks اور nooks دو متبادل بھی موجود ہیں۔ آپ ان دو ایپس گوگل پلے بکس (Google Playbooks) اور nook پر بھی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔
ولفرام الفا (WolframAlpha)
ولفرام الفا WolframAlpha سنجیدہ طلبہ (اسکالرس) کے لیے ایک بہترین ایپ ہے۔ اس ایپ میں تقریباً سبھی موضوعات پر معلومات موجود ہیں۔ ریاضی، طبیعیات، کیمسٹری، جغرافیہ، فلکیات، انجینئرنگ اور بہت سارے دیگر مضامین کی بہت ہی عمدہ معلومات اس ایپ میں موجود ہیں۔ آپ جس عنوان پر معلومات حاصل کرنا چاہیں ان کو طلب کرتے ہی متعلقہ مضامین کی معلومات حاصل ہو جائیں گی اور مضمون سے متعلق معلومات کے اطلاق میں بھی یہ آپ کی رہبری کرتا جائے گا۔ اس ایپ میں متعدد موضوعات جیسے ریاضی اور دیگر مضامین کے بہت سارے لیکچرز موجود ہیں۔ بدقسمتی سے یہ مفت حاصل نہیں کیا جاسکتا اس کے حصول (انسٹالیشن ) کے لیے آپ کو تین ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔
یوٹیوب (YouTube)
یوٹیوب YouTube نئی چیزیں سیکھنے میں معاون بڑے وسیلوں میں سے ایک موثر وسیلہ ہے۔ اس پر ہر عنوان کے لامحدود لیکچرز موجود ہیں۔ یہ مفت تعلیمی، پیشہ ورانہ، غیر پیشہ ورانہ اور دیگر کئی مہارتیں سیکھنے میں مددگار ہے۔ آپ یوٹیوب سے تقریبا ہر چیز سیکھ سکتے ہیں۔ یہ آپ کو اپنی زندگی میں درپیش مسائل کو حل کرنے میں بھی مددفراہم کرتا ہے۔ آپ کو صرف یوٹیوب پر اپنا مسئلہ ٹائپ کرنا ہے اور یہ مسئلے کا حل دکھا دے گا۔ یوٹیوب مفت دستیاب ہے لیکن اس کا ایک پری مییم ورژن یوٹیوب ریڈ (YouTube red) کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اس کی قیمت ماہانہ نو (9) امریکی ڈالر ہے اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اشتہارات سے پاک ویڈیوز اور دیگر پری مییم خصوصیات بھی فراہم کرتا ہے۔ edX؛ ای ڈی ایکس(edX) کورسیرا کی طرح کا ایک ایپ ہے۔ یہ بھی ہارورڈ، ایم آئی ٹی، کولمبیا جیسی اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں کے کورسس فراہم کرتا ہے۔ اس میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، سائنس اور کئی دیگر 2000 مختلف کورسز مفت فراہم کیے گئے ہیں۔ جب آپ کوئی کورس مکمل کرتے ہیں تو یہ کورس کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ بھی عطا کرتا ہے۔ اس سے آدمی کو اپنا پیشہ ورانہ کیریئر بنانے میں بہت زیادہ مدد ملتی ہے۔
ریمائنڈ (Remind)
نئی چیزیں سیکھنے کے لیے گروپ اسٹڈیز (اجتماعی مطالعہ،پڑھائی) ہمیشہ بہترین عمل ثابت ہوا ہے۔ لیکن ایک ہی چھت کے نیچے کئی طلبہ کے ساتھ ہر طالب علم خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پاتا۔ ریمائنڈ (Remind) ایک ایسا ایپ ہے جس کے ذریعے آپ اپنے اسکول کے دوستوں کے ساتھ گروپ اسٹڈیز کے لیے جڑ سکتے ہیں۔ بچوں کی نگرانی کے لیے اساتذہ اور والدین کو بھی اس ایپ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ایک بار جب آپ کلاس میں شامل ہو جائیں گے تو آپ کو کلاس سے متعلق تمام اپ ڈیٹس اور اعلانات موصول ہو جائیں گے۔ اپنی جماعت کے ساتھ آپ فوٹوز اور دیگر مطالعاتی مواد بھی شیئر کر سکتے ہیں اس کے علاوہ آپ تمام کو یا اپنے کسی دوست کو نجی پیغام بھی بھیج سکتے ہیں۔
کوئزلیٹ (Quizlet)
کوئزلیٹ Quizlet سیکھنے کی ایک ایسی ایپ ہے جس پر منجملہ ریاضی، سائنس اور مختلف مضامین و موضوعات کا وافر مواد موجود ہے۔ کوئزلیٹ کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس میں فلیش کارڈز پائے جاتے ہیں۔ فلیش کارڈز طلبہ کو معلومات اور اشیاء کو یاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ طلبہ کی دلچسپی کی برقراری کے لیے اس میں گمیز Games بھی موجود ہیں۔ طلبہ مختلف اکتسابی گیمز کھیلتے ہوئے اکتساب کو فروغ دے کر اپنے تعلیمی مقاصد حاصل کرسکتے ہیں۔
کہوٹ (Kahoot)
کوئز سیکھنےکا ایک بہترین طریقہ ہے۔ Kahoot ایک ایسا ایپ ہے جس میں مختلف موضوعات پر بہت ساری ریڈی میڈ کوئز دستیاب ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے آپ راست کوئزس (Live Quizzes) میں شامل ہو سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ مقابلہ بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنی پسند کی کوئز کا انتخاب کرتے ہوئے اپنے دوستوں کو مقابلے کے لیے چیلنج بھی کر سکتے ہیں۔Kahoot آف لائن بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔
ساکریٹو اسٹوڈنٹ( Socrative Student)
طلبہ کے لیے ساکریٹیو اسٹوڈنٹ ایپ ایک بہت ہی مفید ایپ ہے۔ یہ ایپ اساتذہ اور طلبہ کو جوڑتا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے اساتذہ آن لائن کوئز اور پولز (Pools) کا انعقاد کر سکتے ہیں جس سے طلبہ اپنی تعلیمی حالت کو بہتر کرسکتے ہیں۔
نیئرپوڈ (Nearpod)
نیئرپوڈ Nearpod ساکریٹیٹو اسٹوڈنٹ Socrative Student ایپ ہی کی طرح کا ایک ایپ ہے۔ یہ اساتذہ کو کوئز اور پولز (Pools) منعقد کرنے، اسائنمنٹس تفویض کرنے اور ہر طالب علم کی پیشرفت پر نگاہ رکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ناسا (NASA)
طلبہ نظام شمسی اور ناسا کے مشینوں کے بارے میں جو کچھ جاننا اور سیکھنا چاہتے ہیں وہ اس ایپ کی مدد سے سب کچھ کر سکتے ہیں۔ ناسا NASA کے ایپ پر اس کی مشینوں کی تصاویر، ویڈیوز اور متن دستیاب ہیں۔
ایڈموڈو(Edmodo)
ایڈموڈو Edmodo اساتذہ کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے کام کے بوجھ کو کم کر سکیں۔ اساتذہ اپنے لیکچرز اس ایپ پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں، کوئز منعقد کرسکتے ہیں اور اس پر مختلف مواد بھی شائع کر سکتے ہیں۔ یہ دوسروں کے ساتھ معلومات بانٹنے کا ایک بہترین سماجی مواصلاتی ایپ ہے۔
پیازا (Piazza)
پیازا Piazza سوال جواب پر مبنی ایپ ہے۔ پیازا Piazza پر ہزاروں انسٹرکٹر موجود ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ اپنے سوالات پیش کرتے ہوئے انسٹرکٹرس سے ان کے جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔
میم رائز( Memrise)
میم رائز Memrise انگریزی الفاظ پر مشتمل ایک ایسا ایپ ہے جس میں انگریزی الفاظ یاد رکھنے کے لیے مختلف تخلیقی طریقے استعمال کیے گئے ہیں۔ اس ایپ کی بنیادی توجہ طلبہ کو انگریزی الفاظ کی مؤثر تدریس ہے۔ اسے آف لائن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹی ای ڈی(TED)
ٹی ای ڈی TED ایک ایسا تعلیمی ایپ ہے جس میں متعدد موضوعات جیسے ریاضی، سائنس، کاروبار (تجارت)، ڈیزائن، ایجاد و اختراع وغیرہ پر بہت سارے ویڈیو لیکچرز موجود ہیں۔ اپنے علم میں اضافے کے لیے اس ایپ کا استعمال بہت کارگر ثابت ہوگا۔
ویکیپیڈیا (WiKipedia)
ویکیپیڈیا WiKipedia حصول علم کا ایک مستند وموثر پلیٹ فارم ہے۔ اس ایپ میں ہر مضمون، موضوع و عنوان کے بارے میں بہت سی معلومات موجود ہیں۔ آپ پیشہ ورانہ طریقے سے ویکیپیڈیا WiKipedia سے ہر چیز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ویکیپیڈیا WiKipedia کا اپنا ایک ایپ بھی ہے۔
بچوں کے لیے بہترین تعلیمی ایپس
بچوں کے لیے یوٹیوب( YouTube Kids)
یوٹیوب نے چھوٹے بچوں کے لیے بھی ایک ایپ تیار کی ہے۔یہ ایپ 2 تا 12 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ہے۔ بچے تفریحی، دوستانہ اور دلچسپ انداز میں اس ایپ کے ذریعے موثر طریقے سے سیکھ سکتے ہیں اور نہ صرف سیکھتے ہیں بلکہ اس ایپ کی دل فریب خصوصیات کی وجہ سے حصول علم میں ہمہ تن مصروف بھی رہتے ہیں۔ اس ایپ پر موجود مواد کو کافی کاوشوں اور چھان بین کے بعد بچوں کے معیار ونفسیات کے مطابق سازگار بنایا جاتا ہے۔
ای پک (Epic)
اگر آپ کے بچے کتابیں پڑھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ای پک Epic ایپ آپ کے بچے کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ای پک Epic میں بچوں کے لیے بہت ساری معیاری کتابیں موجود ہیں۔ اس میں تقریباً 40000 کتابیں موجود ہیں۔
12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے پڑھنے کی کتابوں میں مزید اضافہ کرنا ای پک Epic کا اہم مقصد ہے۔ کتابوں کی ان کے موضوعات کے تحت درجہ بندی انجام دی گئی ہے۔
ہنگری کیٹرپلر پلے اسکول
(Hungry Caterpillar Play School)
بچوں کی ایپس میں یہ ایپ دنیا کے 25 ممالک میں سر فہرست ہے۔ اس ایپ کو استعمال کرکے بچے ریاضی، سائنس، ہجے (Spelling)، گرامر اور بہت سی دوسری چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔ یہ ایپ بچوں کے سیکھنے کے پسندیدہ طریقوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ یہ ایپ باہمی گفت و شنید (انٹرایکٹو) مواد کے ساتھ ویڈیوز بھی پیش کرتا ہے۔
پی بی ایس کڈس اینڈ لرن سائنس (PBS Kids Play and Learn Science)
پی بی ایس کڈس اینڈلرن سائنس PBS Kids Play and Learn Science بچوں کا ایک مشہور ایپ ہے۔ اس ایپ کے ذریعے بچے کھیل کھیل میں سائنس سیکھ لیتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے بچوں کو موسم پر قابو (Control weather) جیسے بامعنی کھیل کھیلنے اور نئی سائنسی اشیاء کی تیاری میں مواد کے انتخاب وغیرہ جیسے امور میں مدد ملتی ہے۔ ایپ کی بنیادی توجہ بچوں کو روزمرہ کی زندگی میں سائنس کے استعمال سے واقف کرنا ہے۔
کویک میاتھ جونیئر (Quick Math Jr)
بچوں کو ریاضی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے کویک میاتھ جونیئر Quick Math Jr تیار کیا گیا ہے۔ اس ایپ میں ریاضی کے 12 کھیل شامل ہیں جو بچوں کو بنیادی ریاضی کو سمجھنے اور اسے تخلیقی چیزوں میں تبدیل کرنے میں مدد دفراہم کرتے ہیں۔
خان اکیڈمی کڈس (Khan Academy Kids)
خان اکیڈمی کا بچوں کا ورژن بھی بہت مشہور ہے۔ بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے اس میں بہت ساری کتابیں اور سرگرمیاں موجود ہیں۔ اس ایپ میں ریاضی، سائنس، فنون اور زبانوں وغیرہ جیسے مختلف موضوعات کا بہت وسیع طور پر احاطہ کیا گیا ہے۔
موس میاتھ (Moose Math)
موس میاتھ Moose Math بچوں کے لیے بنایا گیا ایک ایسا ایپ ہے جو بنیادی ریاضی جیسے گنتی، جمع، تفریق، چھانٹ بیونت (Sorting) جیومٹری اور دیگر ریاضی کی بنیادی مبادیات سیکھنے میں بچوں کے لیے بہت مددگار ہے۔ اس ایپ میں 5 کھیل ہیں جس سے بچے ریاضی کو کھیل کھیل میں سیکھ جاتے ہیں۔
پروڈیگی (Prodigy)
بچوں کی بنیادی ریاضی کو بہتر بنانے کے لیے پروڈیگی Prodigy ایک اور ایپ ہے۔ اس ایپ میں تعلیمی کھیل ہوتے ہیں، بچے ان کھیلوں کے ذریعے سیکھتے ہیں۔ پروڈیگی ایپ ہر سطح کے بعد بچوں کو انعامات بھی دیتا ہے جس سے بچوں میں زیادہ سے زیادہ کھیلنے اور سیکھنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔
اسکریچ جونیئر (Scratch Jr)
اسکریچ جونیئر Scratch Jr ایک ایسا ایپ ہے جو بچوں کو پروگرامنگ زبانوں میں دلچسپی پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ایپ5 تا 7 سال کے بچوں کو اپنے خود کی انٹرایکٹیو کہانیاں اور کھیل پروگرام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس عمل سے گزرتے ہوئے بچے مسائل کو حل کرنا، پروجیکٹس ڈیزائن کرنا اور کمپیوٹر پر تخلیقی انداز میں اظہار خیال کرنا سیکھ جاتے ہیں۔ بچوں کو تفریحی طریقے سے سکھانے کے اس ایپ میں دل فریب و دلچسپ طریقے موجود ہیں۔
[email protected]
***
مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 13 تا 19 دسمبر، 2020