’’اگر آپ اپنے اہداف کو پورا نہیں کریں گے تو آپ کو تبدیل کر دیا جائے گا‘‘ اروند کیجریوال نے پنجاب میں نو منتخب وزرا سے کہا

نئی دہلی، مارچ 20: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کو پنجاب میں اپنے ایم ایل ایز سے کہا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور انھیں متنبہ کیا کہ اگر وہ اپنے اہداف کو پورا نہیں کرتے ہیں تو انھیں تبدیل کردیا جائے گا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق کیجریوال نے کہا ’’مان صاحب [بھگونت مان] آپ کو ہدف دیں گے۔ اہداف پورے نہ کیے تو لوگ کہیں گے وزیر بدل دو۔ تب آپ کو برا لگے گا لیکن ہمارے پاس آپ کی جگہ کسی اور کو دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔‘‘

کیجریوال نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عام آدمی پارٹی کے نو منتخب ایم ایل ایز سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرے کیے۔

عام آدمی پارٹی نے حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں 117 اسمبلی حلقوں میں سے 92 پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے پنجاب میں بھاری اکثریت حاصل کی۔

16 مارچ کو بھگونت مان نے نوان ضلع کے کھٹکر کلاں میں، جو بھگت سنگھ کا آبائی گاؤں ہے، میں پنجاب کے 18ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔

اپنی جیت کے بعد مان نے کہا تھا کہ پنجاب میں ایک ماہ میں تبدیلی نظر آئے گی اور پارٹی ترجیحی بنیادوں پر بے روزگاری سے نمٹےگی۔

19 مارچ کو مان نے اپنی کابینہ کے وزرا کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔ کابینہ میں 17 اسامیوں میں سے عام آدمی پارٹی نے صرف دس وزرا کو شامل کیا۔

آج کے اپنے خطاب میں کیجریوال نے ریاست میں 25,000 سرکاری نوکریوں کے اعلان اور سابق وزرا اور ایم ایل ایز سے پولیس سیکورٹی کور واپس لینے کے لیے مان کی تعریف کی۔

کیجریوال نے کہا ’’یہ قابل ذکر اعلانات ہیں۔ لوگوں کی امید اب اعتماد میں بدل رہی ہے۔ خدا آپ کو پنجاب کے لوگوں کی مدد کرنے کی طاقت اور ہمت عطا کرے۔‘‘

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے ایم ایل ایز پر بھی زور دیا کہ وہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔ پی ٹی آئی کے مطابق کیجریوال نے کہا ’’اگر ہم اپنے ذاتی عزائم کو پیچھے چھوڑ دیں تو پنجاب ترقی کرے گا۔‘‘

انھوں نے ایم ایل ایز کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں اپنی جیت پر فخر نہ کریں۔

کیجریوال نے مزید کہا کہ ’’آپ نے مضبوط لوگوں کو شکست نہیں دی ہے۔ لوگوں نے انھیں شکست دی ہے۔ اگر لوگ دوسروں کو شکست دے سکتے ہیں تو وہ آپ کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔ آپ اپنے علاقے میں ایم ایل اے کی حیثیت سے جتنی محنت کرتے ہیں اتنی آپ کی ساکھ بڑھ جاتی ہے۔‘‘