آسام میں سیلاب کا قہر جاری، اب تک 66 افراد ہلاک، 36 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر

گوہاٹی، جولائی 16: آسام اور بہار کے کچھ حصوں میں سیلاب کا قہر لگاتار جاری ہے۔ آسام کے 26 اضلاع میں تقریباً 36 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب کی وجہ سے اب تک آسام میں 66 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دن بہ دن ریاست میں سیلاب کا دائرہ بڑھتا جارہا ہے اور سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے سامنے کھانے پینے کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اپنی زمینوں، مکانات اور پیاروں کو کھو دیا ہے۔

دریں اثنا کازی رنگا نیشنل پارک کے ڈوبنے کی وجہ سے درجنوں جانور بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ جانوروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بدھ کے روز آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 26 اضلاع کے 3376 دیہات سیلاب سے متاثر ہیں۔ وہیں 1.27 لاکھ ایکڑ زمین پر مشتمل فصل پانی میں ڈوب چکی ہے۔