آسام: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے درمیان وزیر اعظم نے گوہاٹی میں ’’کھیلو انڈیا‘‘ کے افتتاحی پروگرام میں جانے کا پروگرام کیا منسوخ

گوہاٹی، 8 جنوری: آسام میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے گوہاٹی میں جمعہ کے روز ’’کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2020‘‘ کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے اپنے پروگرام کو منسوخ کردیا ہے۔

آسام اسٹوڈنٹس یونین (اے اے ایس یو)، جو پورے آسام میں سی اے اے مخالف مظاہرے کی قیادت کررہی ہے، نے خبردار کیا تھا کہ اگر مودی اس تقریب کا افتتاح کرنے آئے تو پوری ریاست میں زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

کھیلو انڈیا گیمز 2020 کے سی ای او اویناش جوشی نے بدھ کے روز گوہاٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “ہم نے وزیر اعظم کو مدعو کیا تھا۔ ابھی تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن غیر رسمی طور پر ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ وہ نہیں آرہے ہیں”۔

اس سے پہلے شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہروں کی وجہ سے ہند-جاپان سالانہ سربراہی اجلاس جو 15 سے 17 دسمبر تک گوہاٹی میں منعقد ہونا تھا، کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔ جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے اور مودی کی اس کانفرنس کے دوران گوہاٹی میں ملاقات ہونی تھی، جو منسوخ کرنی پڑی۔

مشہور گلوکار زبین گرگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ائیرپورٹ سے ہی مودی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ گرگ نے نامہ نگاروں کو بتایا "اس کے بعد مودی خود دیکھ لیں گے کہ آسام کے لوگ سی اے اے کے کتنے خلاف ہیں”۔

گذشتہ اتوار کو گوہاٹی میں بھارت سری لنکا ٹوینٹی ٹوینٹی میچ کے دوران بھی شہریت ترمیمی قانون مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔

اس میچ کے دوران آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال اور وزیر خزانہ ہمنٹا بسوا سرمہ کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی تھی۔