آسام اسمبلی انتخابات: این آر سی کی حتمی فہرست سے خارج افراد بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریاستی انتخابات 4 مئی سے قبل مکمل ہوجائیں گے
گوہاٹی، جنوری 20: الیکشن کمیشن نے آج کہا ہے کہ آسام میں 2021 اسمبلی انتخابات ریاست میں سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانات شروع ہونے سے قبل ہی 4 مئی تک ختم ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ کلاس 10 اور 12 کے امتحانات 4 مئی سے 10 جون کے درمیان ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے یہ بھی اعلان کیا کہ آسام کی این آر سی لسٹ سے خارج افراد بھی اس سال کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے کیوں کہ ان کے نام پہلے ہی سے رائے دہندوں کی فہرست میں موجود ہیں۔
یہ اعلانات رائے دہندگی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ریاستی کمیشن کے فل بینچ کے تین روزہ دورے کے دوران کیے گئے۔
اروڑا نے گوہاٹی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’29 اگست 2019 کو وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ این آر سی میں کسی فرد کا نام شامل نہ ہونا اس کو غیر ملکی قرار دینے کے مترادف نہیں ہے۔ ضمنی طور پر ایسے افراد ووٹر لسٹ میں شامل ہیں اور جب تک متعلقہ ٹریبونل کی طرف سے فیصلہ نہیں لیا جاتا ہے تب تک وہ ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔‘‘
واضح رہے کہ 31 اگست کو شائع ہونے والی این آر سی کی حتمی فہرست میں 19 لاکھ سے زیادہ افراد کا نام شامل نہیں تھا، جو کہ آسام کی پوری آبادی کے 6 فیصد لوگوں پر مشتمل افراد ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران اروڑا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپریل میں ہونے والے آسام کے رنگالی بیہو فیسٹیول کو بھی انتخاب کی تاریخوں کا تعین کرتے ہوئے مد نظر رکھا ہے۔ انھوں نے مزید کہا ’’ہم یہاں جائزہ اجلاسوں میں آنے سے قبل میلہ کو پہلے ہی نوٹس میں لے چکے ہیں۔ کمیشن ریاستوں میں ہونے والے تہواروں سے واقف ہے۔‘‘
اروڑا نے کہا کہ انتخابات اس طرح کروانے زور دیا جائے گا جو ریاست میں کورونا وائرس کی صورت حال کو خراب نہ کرے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آسام میں اب تک 2،13،084 انفیکشن اور 1،075 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں 5000 کے قریب اضافہ ہوگا اور امکان ہے کہ آئندہ انتخابات کے لیے 33،000 سے زیادہ پولنگ مراکز ہوں گے۔
انھوں نے حکام اور عوام سے ’’منصفانہ، پرامن اور کوویڈ سے محفوظ انتخابات‘‘ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔