’’آر ایس ایس کے وزیر اعظم‘‘ بھارت ماتا سے جھوٹ بولتے ہیں: راہل گاندھی
نئی دلی: ملک میں ایک بھی ’’حراستی کیمپ‘‘ نہیں ہونے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو لےکر کانگریس کےسابق صدر راہل گاندھی نے ان کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئےالزام لگایا کہ ’’آر ایس ایس کے وزیراعظم‘‘ بھارت ماتا سے جھوٹ بولتے ہیں۔
آسام میں حراستی کیمپوں سے متعلق ایک خبر کوشیئر کرتے ہوئے گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’آر ایس ایس کے وزیر اعظم بھارت ماتا سے جھوٹ بولتے ہیں۔‘‘ گاندھی نے اپنے بیان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں مبینہ طور پرآسام میں ایک زیر تعمیر حراستی کیمپ کو دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے حراستی کیمپوں کے وجود سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کانگریس اور اس کے ساتھی اربن نکسلی این آر سی پر ملک کے مسلمانوں کو ڈٹینشن سینٹر کا ڈر دکھا رہے ہیں جبکہ ان کی سرکار بننے کے بعد سے آج تک این آر سی لفظ کی کبھی چرچہ تک نہیں ہوئی۔۔۔۔اور ڈٹینشن سینٹر میں بھیجنے کی بات تو دور، ملک میں ڈٹینشن سینٹر ہے ہی نہیں۔‘‘
اس کے جواب میں کانگریس نے کہا تھا ’’کیاوزیر اعظم مودی کو یہ لگتا ہے کہ ہندوستانی ایک معمولی گوگل سرچ کے ذریعے ان کے جھوٹ کا پتہ نہیں لگا سکتے؟ ڈٹینشن سینٹر کی بات حقیقت ہے اور جب تک یہ سرکار اقتدار میں ہے تب تک یہ بڑھتے رہیں گے۔‘‘ اس کے ساتھ پارٹی نے تین میڈیا رپورٹس کو اٹیچ کیا ہے۔ جس میں ایک وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے کا بیان ہے کہ پورے آسام میں موجود ڈٹینشن سینٹر میں 28 غیر قانونی مہاجرین کی موت ہو گئی ہے۔
بتادیں کہ یہ چھ ڈٹینشن سینٹرآسام کے گولپاڑا، کوکراجھار، سلچر، ڈبروگڑھ، جورہاٹ اور تیج پور میں ہے۔ ان میں عورتوں اور مردوں کے علاوہ بچوں کو بھی قیدی بناکر رکھا جاتا ہے۔
(ایجنسیاں)