آر ایس ایس کی علما کانفرنس میں بلند ہوئے سی اے اے مخالف نعرے

نئی دہلی، جنوری 16— جمعرات کو یہاں کے کانسٹیٹیوشن کلب آف انڈیا میں آر ایس ایس تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کی جانب سے سی اے اے کی حمایت میں بلائے گئے مسلم علما کی ایک کانفرنس میں متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف نعرے لگائے گئے اور پوسٹر دکھا کر احتجاج کیا گیا۔ اسٹیج پر آر ایس ایس رہنما اندریش کمار بھی موجود تھے۔

جیسے ہی آر ایس ایس رہنما اندریش کمار اسٹیج پر گئے اور مرکز میں اپنی کرسی سنبھالی، سامعین میں سے ایک درجن کے قریب افراد کھڑے ہوگئے اور سی اے اے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ ٹویٹر پر اے این آئی نیوز ایجنسی کی پوسٹ کردہ ایک ویڈیو دکھاتی ہے کہ وہ اسٹیج کے سامنے گئے اور اپنی جیب سے پلے کارڈز نکالے اور نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ آر ایس ایس نے سی اے اے کی حمایت میں "راشٹریہ علما کانفرنس” کے نام سے اس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔

اسٹیج کے پیچھے ایک بڑے بینر پر اردو میں لکھا گیا تھا: ’’کیا سی اے اے سے مسلمان کو کوئی نقصان پہنچا ہے؟ سی اے اے کیا ہے؟ مسلم راشٹریہ منچ کے ذریعہ راشٹریہ علما کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔‘‘ مزید لکھا تھا کہ ’’سی اے اے ایک شہریت دینے کا قانون ہے، یہ کسی سے شہریت چھیننے کے لیے نہیں ہے۔ یہ راشٹریہ علما کانفرنس سی اے اے کی حمایت میں ہے۔‘‘

آر ایس ایس قائد کے ساتھ اسٹیج میں شریک کچھ مسلم علما میں کوکب مجتبیٰ اور صہیب قاسمی شامل تھے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں اس متنازعہ قانون کے خلاف پچھلے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔