اندھی عقیدت:نرمداندی میں چل رہی خاتون کو لوگ دیوی مان  کرنے لگے پوجا

نئی دہلی،11اپریل:۔

سماج میں تعلیم کی کمی اور نا خواندگی متعدد سماجی بیماریوں کو جنم دیتی ہے اور بسا اوقات اس کے انتہائی مضر اثرات سماج میں دیکھنے کو ملتا ہے ۔اندھی عقیدت اور اوہام پرستی بھی ایک ایسی ہی بیماری ہے جو نا خواندگی اور جہالت کی پیداوار ہے جس میں سماج کی اکثریت بھیڑ بن کر خود کو دھوکہ دے رہی ہوتی ہے اور اپنی دنیا اور دین دونوں کو تباہ کر رہی ہوتی ہے ۔خاص طور پر ہندو عقیدت مندوں میں اس کا زور زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے ۔ایسا ہی ایک اندھی عقیدت اور اوہام پرستی کا معاملہ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کا ویڈیو نرمدا ندی کے درمیان سے پیدل پانی پر چلتے ہوئے وائرل ہو گیا جس کے بعد اندھے عقیدت مندوں کا اس خاتون کے ارد گرد اجتماع ہو گیا ۔لوگوں نے اسے دیوی تسلیم کرتے ہوئے اس کا آشیر واد لینے کے لئے جمع ہونے لگے ۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ خاتون بے فکر ہو کر نرمدا ندی کے درمیان سے گزر رہی ہے ۔جس کو دیکھ کر لوگوں نے اس فقیر نما خاتون کو نرمدا کا روپ مان کراس کی پوجا کرنے لگے اور اس کا آشیر واد لینے لگے۔پولیس نے لوگوں کے اجتماع کو دیکھ کر فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے رابطہ کیا۔اطلاع کے مطابق خاتون نے کسی بھی دیوی یا کرشمائی شخصیت کے ہونے سے انکار کیا ہے بلکہ پانی پر چلنے کے سوال پر اس کا کہنا ہے کہ وہاں ندی میں پانی کم تھا۔ رپورٹ کے مطابق وہ خاتون نرمدا پورم کی رہنے والی ہے اور کئی مہینے سے اپنے گھر سے لاپتہ تھی ۔اب پولیس اس خاتون کو اس کے گھر نرمدا پورم چھوڑنے جائے گی۔