امید ہے کہ دو سال سے بھی کم عرصے میں یہ وبائی مرض ختم ہوجائے گا: عالمی ادارۂ صحت

نئی دہلی، اگست 22: عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریس نے جمعہ کے روز کہا کہ انھیں امید ہے کہ کورونا وائرس وبائی مرض دو سال سے بھی کم عرصے میں ختم ہوجائے گا اور 1918 کے ہسپانوی فلو کی بنسبت تیزی سے اس کا خاتمہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں اس وائرس سے نمٹنے کے لیے دنیا کے پاس بہتر ٹکنالوجی موجود ہے۔ اور اب ہماری صورت حال میں زیادہ سے زیادہ ٹکنالوجی کے ساتھ اور زیادہ رابطے کے ساتھ، وائرس پھیلنے کا بھی زیادہ امکان ہے ، یہ تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے کیونکہ اب ہم زیادہ مربوط ہیں۔ لیکن ساتھ ہی ہمارے پاس اس کو روکنے کے لیے ٹکنالوجی بھی موجود ہے اور اس کو روکنے کا علم بھی۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’ہم امید کرتے ہیں کہ یہ وبائی بیماری دو سال سے بھی کم عرصے کے اندر ختم ہوجائے گی۔‘‘

انھوں نے یاد دلایا کہ ہسپانوی فلو کو روکنے میں ’’دو سال لگے تھے۔‘‘

ویکسین پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ صرف ویکسین وبائی بیماری کا خاتمہ نہیں کرے گی بلکہ لوگوں کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں ایڈجسٹمنٹ کرنا ہوگا۔

معلوم ہو کہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ٹریکر کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب تک 2.28 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور 7،97،871 افراد کی جان لی ہے۔