اسرائیل  کے تعلق سے وزارت خارجہ کی ایڈوائزری، سفر نہ کرنے کا مشورہ

دوسری جانب یوگی حکومت کا اسرائیل کو اپریل کے وسط تک 850 ہندوستانی مزدوروں کو اسرائیل بھیجنے کی تیاری

نئی دہلی،13اپریل :۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصہ سے جنگ جاری ہے،اس کے باوجود حکومت ہند تعمیراتی مزدوروں کو اسرائیل بھیجنے کی تیاری کر رہی تھی اور گزشتہ 9 اپریل کو 64 ہندوستانیوں پر مشتمل گروپ کو اسرائیل بھیج بھی دیا گیا ہے مگر دریں اثنا وزارت خارجہ نے اسرائیل کےے تعلق سے ایک ایڈوائزری جاری کی جس کے تحت اسرائیل کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کےد رمیان  حکومت نے ہندوستانی شہریوں کو ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کریں اور جو لوگ وہاں پہلے سے موجود ہیں وہ انتہائی احتیاط برتیں۔ جمعہ کو یہاں جاری ایک ایڈوائزری میں وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام ہندوستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک ایران یا اسرائیل کا سفر نہ کریں۔

ہندوستان نے یہ سفری ہدایات امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے بعد جاری کی ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی انٹیلی جنس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران آئندہ دو دنوں میں اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔ کئی بین الاقوامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایران اسرائیل پر جوہری حملہ کر سکتا ہے۔

دریں اثنا یہ اطلاع آ رہی ہے کہ اتر پردیش سرکار اسرائیل سے معاہدے کے تحت مزدوروں کو اسرائیل بھیجے گی ،گزشتہ9 اپریل کو 64 مزدوروں کی پہلی کھیپ اسرائیل پہنچ چکی ہے ،اپریل کے وسط تک مزدوروں کی یہ تعداد 850 ہو جائے گی ۔ایک طرف حکومت ہند اسرائیل کا سفر نہ کرنے کی ایڈوائزری جاری کررہی ہے وہیں دوسری جانب یو پی کی یوگی حکومت اسرائیل کو معاہدے کے تحت مزدوروں کی فراہمی جاری رکھنے کا اعادہ کر رہی ہے۔