اروند کیجریوال نے تیسری بار دہلی کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا

نئی دہلی، فروری 16: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے اروند کیجریوال، جنھوں نے آج تیسری بار دہلی کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا، نے کہا کہ وہ سب کے وزیر اعلی ہیں، جن لوگوں نے انھیں ووٹ دیا تھا اور جن لوگوں نے انھیں ووٹ نہیں دیا تھا ان کے بھی۔

انھوں نے اپنے چھ وزرا منیش سسودیا، ستیندر جین، گوپال رائے، کیلاش گہلوت، عمران حسین اور راجندر گوتم کے ساتھ مشہور راملیلا میدان میں حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں انھوں نے کہا "اب انتخابات ختم ہوچکے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ نے کس کو ووٹ دیا ہے، آپ میرے خاندان کا حصہ ہیں۔ پارٹی سے وابستگیوں نے مجھے کبھی کسی کے لیے کام کرنے سے نہیں روکا”۔

عآپ نے اسمبلی انتخابات میں 70 میں سے 62 نشستیں حاصل کی تھیں۔ جب کہ بی جے پی کو 8 نشستیں ملی تھیں۔

بی جے پی نے شاہین باغ کے مظاہرین کو دہشت گرد قرار دیا تھا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے رائے دہندوں کو پولرائز کرنے کے مقصد سے انہیں "انارکسٹ” بھی قرار دیا۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر سمیت بی جے پی رہنماؤں نے کیجریوال کو نہ صرف شاہین باغ میں مظاہرین کا حامی کہا بلکہ ایک "دہشت گرد” بھی کہا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی، جنھیں کیجریوال نے حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا تھا لیکن وہ نہیں آئے۔

کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں ہونے والے انتخابات کے دوران بہت سی منفی باتیں ہوئیں۔ لیکن میں چاہتا ہوں کہ سب انھیں بھول جائیں۔ میں دہلی کی ترقی اور بہتری کے لیے مرکز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں۔