احمد آباد: پولیس کے مطابق امت شاہ کی صحت کے بارے میں افواہیں پھیلانے کے الزام میں چار افراد کو حراست میں لیا گیا

احمد آباد، گجرات، مئی 10: پی ٹی آئی کے مطابق احمد آباد پولیس نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صحت سے متعلق غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں ہفتے کے روز چار افراد کو حراست میں لیا۔

یہ بات شاہ کے یہ بیان جاری کرنے کے بعد سامنے آئی ہے کہ وہ صحت مند ہیں اور کسی بیماری میں مبتلا نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ان کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں چل رہی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ’’حتیٰ کہ بہت سے لوگوں نے میرے مرنے کی خواہش کرتے ہوئے بھی ٹویٹ کیا۔‘‘

اسپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم) اجے تومر نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا ’’مقامی کرائم برانچ نے شاہ کی صحت سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر چار افراد کو حراست میں لیا۔ شاہ کے نام پر ایک جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کا اسکا اسکرین شاٹ جس میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ وہ شدید بیماری میں مبتلا ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا تھا۔‘‘

تومر نے بتایا کہ ملزمان کو احمد آباد اور بھاون نگر سے حراست میں لیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

دریں اثنا عہدیداروں نے بتایا کہ ملزموں پر انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 (سی) (شناخت کی چوری کی سزا) اور 66 (ڈی) (کمپیوٹر وسائل کا استعمال کرتے ہوئے شخصی دھوکہ دہی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔