اتر پردیش: پرینکا گاندھی نے مظاہرین کے خلاف پولیس کی کاروائی کی اعلیٰ تحقیقات کا کیا مطالبہ
نئی دہلی، دسمبر30: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر کی گئی پولیس کارروائی کی سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ایک موجودہ جج یا سابق جج کے ذریعہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کو لکھنؤ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عدالتی تحقیقات مکمل ہوئے بغیر کسی بھی پراپرٹی کو سیل یا ضبط نہیں کیا جائے۔
نامہ نگاروں سے اپنی سیکیورٹی کے بارے میں سوالات کو مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہا "میری سیکیورٹی بہت چھوٹی چیز ہے۔ سب سے بڑا سوال عام لوگوں کی حفاظت کا ہے۔ میں لوگوں کی حفاظت کا مسئلہ اٹھا رہی ہوں۔‘‘
یوپی میں مظاہرین پر پولیس کارروائی کی عدالتی تحقیقات کے لیے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ یوپی کے گورنر آنندی بین پٹیل کو ایک میمورنڈم سونپنے کے بعد پرینکا گاندھی میڈیا سے خطاب کررہی تھیں۔
مہابھارت کی عظیم جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ارجن میدان جنگ میں تھے تو کرشنا نے "انتقام” کی بات نہیں کی تھی۔ اس نے صرف "کرونا” (شفقت) کی بات کی تھی۔
انھوں نے اعلان کیا کہ کانگریس سی اے اے مخالف مظاہروں میں گرفتار افراد کے لیے قانونی مدد فراہم کرے گی۔