اترا کھنڈ:ہری دوار میں قربانی کرنے والے مسلمانوں کو کھلے عام دھمکی

نئی دہلی،20جون :۔

عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی حسب سابق وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل جیسی شدت پسند ہندو تنظیمیں سر گرم ہو گئی ہیں ۔مسلمانوں کو قربانی کرنے اور نماز پڑھنے میں رکاوٹیں ڈالنے اور ڈرانے دھماکے کے ویڈیوز منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ہندو تو تنظیمیں ہر سال مسلمانوں کو قربانی سے روکنے کے لئے کہیں انہیں جانور لے جانے پر اعتراض کرتے ہیں اور مار پیٹ کرتے ہیں ۔تازہ ویڈیو اترا کھنڈ کے ہری دوار کا ہے جہاں ایک ایک پروگرام کے دوران کھلے عام ہری دوار کے مسلمانوں کو دھمکی دی  جا رہی ہے اور قربانی کرنے پر انہیں سبق سکھانے کا انتباہ دیا جا رہا ہے ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو اترا کھنڈ کے ہری دوار کا بتایا جا رہا ہے ۔کاشف ارسلان نامی صحافی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیاہے ۔جس میں ایک پروگرام کے دوران ایک بھگوا دھاری شخص کھلے عام لوگوں سے اپیل کرتا ہے کہ اگر عید کے موقع پر شہر میں کہیں کسی گلی میں یا نالی میں خون ملے تو برائے مہربانی مجھے یا میری تنظیم کو بتائیں ،پھر ہم انہیں بتائیں گے کی عید کس طرح منائی جاتی ہے ۔وہاں موجود ہندو نوجوانوں کو مسلمانوں کے خلاف مشتعل کرتے ہوئے کہتا ہے،ہری دوار ہماری دھرم نگری ہے ،اگر ہم اپنی دھرم نگری میں اپنے مذہبی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے دیں گے تو یہ ہمارے لئے ڈوب مرنے کی بات ہے ۔اس دوران وہ کہتا ہے کہ یہاں سیکڑوں میٹ کی دکانیں غیر قانونی طریقے سے چل رہی ہیں،یہ دکانیں ہمیں بھگوان کی آرتی کرنے دے رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ اترا کھنڈ کے اتر کاشی میں گزشتہ بیس دنوں سے مسلمانوں کے خلاف ہندو نواز تنظیموں کی ہنگامہ آرائی اور کشیدہ حالات ابھی مکمل طور پر پر امن نہیں ہوئے ہیں کہ ایک بار پھر ہندو تنظیمیں ہری دوار میں بقر عید کے موقع پر فرقہ وارانہ کشیدگی کے لئے سر گرم ہو گئی ہیں ۔