آپ ہمیں شہری نہیں مانتے تو ہم آپ کی سرکار کو نہیں مانتے: کنہیا کمار

نئی دہلی: شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی مخالفت میں پیر کو جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر اور سی پی آئی رہنما کنہیا کمار نے کہا کہ ہمیں ساورکر کے خوابوں کا نہیں، بلکہ بھگت سنگھ اور امبیڈکر کے خوابوں کا ہندوستان بنانا ہے۔ کمار نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا ’’آپ ہمیں شہری نہیں مانتے تو ہم آپ کی سرکار کو نہیں مانتے۔ آپ کے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت ہو سکتی ہے، ہمارے پاس سڑک پر اکثریت ہے۔ یہ لڑائی ہندو یا مسلمان کے بارے میں نہیں ہے۔‘‘

انھوں نے اس قانون کے نتائج سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندو مسلمان کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ آئین سے جڑا معاملہ ہے۔ آئین کو آلودہ ہونے سے بچانے کا معاملہ ہے۔

بہار کے پورنیہ کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت میں منعقد احتجاج میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا نے کہا ’’یہ لڑائی ایک دن کی نہیں ہے۔ یہ لڑائی لمبی چلے گی۔‘‘ انھوں نے اس کے لیے نوجوانوں کو جوش اور ہوش میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑائی کو انجام  تک پہنچانا ہے۔

شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کو ’’آئین کی روح پر حملہ‘‘ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا ’’آج آئین پر بحران آ کھڑا ہوا ہے۔ آئین کو بچانے کی ضرورت ہے۔ آئین کا اصل جذبہ ہے کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ذات یا مذہب کی بنیاد پر جانبداری نہیں ہو، لیکن اس کا ٹھیک الٹا کیا جا رہا ہے۔ جن لوگوں کو اپنے ملک کے آئین سے محبت نہیں ہے،  وہی ایسے کالے قانون کی حمایت کر رہے ہیں۔‘‘

اس ریلی میں سیمانچل کے کئی غیر بی جے پی جماعتوں کے ایم ایل اے اور دیگر رہنما شامل ہوئے۔ ریلی میں سیمانچل علاقے سے ہزاروں لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔

(ایجنسیاں)