
آنکھوں میں بینائی نہ سہی دل کی بینائی تو ہے
بینائی سے محروم مومن معاذ محمد شریف نے بارہویں جماعت میں اپنی لگن اور محنت سے 84 فیصد نمبر لاکر کامیابی حاصل کی
دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،15 مئی :۔
کہتے ہیں کہ جب عزم محکم ہو ،ارادے پکے ہوں اورمنزل معلوم ہو تو کبھی کبھی نا ممکن بھی ممکن میں تبدیل ہو جاتے ہیں ۔کھلی آنکھیں بھی یقین کرنے میں ڈگمگا جاتی ہیں ۔مہاراشٹر کے رہنے والے مومن معاذ محمد شریف نے ایسا ہی ایک کارنامہ انجام دیا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے لیکن یہ حقیقت ہے ۔ انہوں نے امسال بارہویں جماعت میں 84 فیصد نمبر لا کر کامیابی حاصل کی ہے ۔یوں تو 84 فیصد کوئی زیادہ نہیں ہے لیکن جب یہ معلوم ہوکہ مومن معاذ محمد شریف بینائی سے محروم ہیں تو یقیناً اس پر دل عش عش کر اٹھتا ہے ۔ اپنی کامیابی سے انہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ آنکھوں میں بینائی نہ سہی د کی بینائی تو ہے۔
شہر بھیونڈی کے معروف شاعر اور سابق معلم رئیس ہائی اسکول ،استاذ الاساتذہ مرحوم مومن عبدالقیوم نازاں صاحب کے بھتیجے مومن معاذ محمد شریف ابن مرحوم محمد ایوب نے امسال بارہویں جماعت میں الحمدللہ 84 فیصد سے امتحان کامیاب کیا ہے ، یاد رہے یہ بچہ دونوں آنکھوں سے نابینا ہے لیکن مستقل عزم ، جذبہء استقلال اور توکل علی اللہ نے زندگی کی پر خار وادیوں سے گزرنے کی راہیں ہموار کر دی ہے ۔
محمد معاذ یقینا” قابل ستائش و قابل مبارکباد ہیں کہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ تحفیظ قرآن کریم کا بھی سلسلہ قائم کر رکھا ہے اور اب تلک الحمدللہ دس جزو قرآن کی تکمیل بھی کی ہے نیز مستقبل میں تحفیظ قرآن کو مکمل کرنے کا قوی ارادہ بھی رکھتے ہیں ۔ جماعت اول تا ہشتم مراٹھی میڈیم سے ، جماعت نہم و دہم ہندی میڈیم سے اور اب انگریزی میڈیم سے کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائی اسکول ، رئیس ہائی اسکول کیمپس بھیونڈی سے بارہویں کا امتحان کامیاب کیا ہے ۔محمد معاذ کی اس کامیابی پر ڈاکٹر خلیل تماندار ،سابق فزیشن حرم مکی و دیگر تمام اعزہ ا قارب نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابی کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ دنیا و آخرت دونوں جہاں میں سرخروئی و سر فرازی کی دعائیں کی ہیں۔