آمریت اپنے عروج پر ہے: حیدر آباد میں شہریت ترمیمی قانون مخالف مظاہرے سے قبل گرفتار کر کے واپس بھیجا گیا

حیدرآباد، جنوری 27- بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو، جنھیں اتوار کی شام شہریت ترمیمی قانون مظاہرے کے اجلاسوں سے قبل حیدرآباد میں حراست میں لیا گیا تھا، پیر کے روز واپس دہلی بھیج دیا گیا ہے۔

دلت رہنما نے پیر کی صبح ٹویٹ کیا کہ پولیس انھیں حیدرآباد ایئرپورٹ لے کر آئی ہے اور انھیں دہلی بھیج رہی ہے۔

آزاد، جو شہریت ترمیمی قانو کے خلاف دو احتجاجی جلسوں سے خطاب کے لیے حیدرآباد پہنچے تھے، نے الزام لگایا کہ تلنگانہ میں آمریت اپنے عروج پر ہے۔

انھوں نے ہندی میں لکھا "پہلے ہمارے لوگوں کو لاٹھیوں سے مارا پیٹا گیا اور پھر مجھے گرفتار کرلیا گیا۔ اب وہ مجھے حیدرآباد ہوائی اڈے پر لا کر واپس دہلی بھیج رہے ہیں۔”

تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ کے دفتر کو ٹیگ کرتے ہوئے آزاد نے لکھا ہے کہ بہوجن سماج اس ذلت کو فراموش نہیں کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں جلد ہی واپس آؤں گا۔

بھیم آرمی کے ایک اور رہنما کش امبیڈکروادی، جو آزاد کے ہمراہ تھے، نے پہلے ٹویٹ کیا تھا "حیدرآباد پولیس زبردستی ہمیں حیدرآباد ایئرپورٹ لے جا رہی ہے اور ہمیں دہلی بھیج رہی ہے”۔

آزاد، کش اور وکیل محمود پراچہ کو ایک ہوٹل کے باہر حراست میں لیا گیا جب وہ ایک احتجاجی اجلاس سے خطاب کرنے حیدرآباد کے مہدی پٹنم میں کرسٹل گارڈن جا رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ آزاد کو تعزیرات ہند کی دفعہ 151 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ اجلاس کی اجازت نہیں تھی۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انھیں اتوار کی رات کہاں رکھا گیا تھا۔ رات گئے تک ان کا پتہ نہ چل سکا اور آزاد کے حامیوں نے حیدرآباد پولیس کمشنر کے دفتر پر احتجاج کرنے کی کوشش بھی کی تھی تاکہ ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جاسکے۔ انھیں حراست میں بھی لیا گیا۔

آزاد کے حامیوں نے حیدرآباد پولیس کی کارروائی کی مذمت کے لیے ٹویٹر پر جاکر ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

آزاد، جو ملک بھر میں سی اے اے مخالف مظاہروں کا ایک نمایاں چہرہ بن چکے ہیں، سی اے اے کے خلاف دو اجلاسوں میں شرکت کے لیے حیدرآباد پہنچے تھے، جس کا اہتمام ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ٹی آئی ایس ایس) کے سابق طلبا اور آل انڈیا دلت مسلم آدیواسی پروگریسو فرنٹ (اے آئی ڈی ایم پی ایف) نے کیا تھا۔