آسام: بی جے پی کی اتحادی پارٹی شہریت ترمیم قانون کے خلاف جائے گی سپریم کورٹ

نئی دہلی: آسام میں بی جے پی کی معاون پارٹی آسام گن پریشد (اے جی پی) شہریت ترمیم قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرے گی۔ اے جی پی نے پارٹی کے سینئر رہنما ؤں کی میٹنگ کے بعد سنیچر کو اس کا اعلان کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے اس معاملے پر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے جی پی آسام میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کا حصہ ہےاور پارٹی کے تین رہنما ریاست کی کابینہ میں ہیں۔

اے جی پی کے ترجمان جائے ناتھ شرما نے کہا ’’پارٹی نے شہریت ترمیم قانون کے خلاف عرضی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی صدر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے کے لیے ایک وفد کی قیادت کریں گے۔ ہم ان سے آسام میں یہ قانون نافذ نہیں کرنے کو کہیں گے۔‘‘

غور طلب ہے کہ آسام گن پریشد نے پارلیمنٹ میں شہریت ترمیم بل کی حمایت کی تھی۔ جس کے بعد اقتدار میں شامل اتحادی پارٹی کے کئی رہنماؤں نے پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

(ایجنسیاں)