آتشی اور سوربھ بھاردواج کیجریوال حکومت میں بنےوزیر

منیش سسودیا اور ستیندر جین کا استعفی صدر جمہوریہ نے کیا منظور ، سوربھ بھاردواج 49 دنوں کی کیجریوال کی پہلی حکومت میں ٹرانسپورٹ کے وزیر رہ چکے ہیں وہیں آتشی مارلینا تعلیم کے شعبے میں سسودیا کی مشیر رہ چکی ہیں

نئی دہلی ،07مارچ :۔
دہلی کی کیجریوال حکومت کو دو نئے وزیر مل گئے ہیں۔منیش سسودیا اور ستیندر جین کے استعفیٰ کے بعد آتشی اور سوربھ بھاردواج کا نام وزیر کے طور پر سامنے آیا تھا ۔رپورٹ کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج (منگل) کو وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے مشورے پراے اے پی ایم ایل اے آتشی اور سوربھ بھاردواج کو دہلی کابینہ میں وزیر مقرر کیا۔ کیجریوال نے کابینہ میں ان کی تقرری کے لیے نام لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجے تھے۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدر، دہلی کے وزیر اعلیٰ کے مشورے کے مطابق، قومی دارالحکومت علاقہ دہلی کے وزیر منیش سسودیا کے استعفیٰ کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ صدر مرمو نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کے مشورے پر فوری اثر سے دہلی کے وزیر ستیندر جین کا استعفیٰ بھی قبول کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ سوربھ بھاردواج پارٹی کے قومی ترجمان بھی ہیں۔ انہوں نے دہلی جل بورڈ کے نائب چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ گریٹر کیلاش سے ایم ایل اے ہیں اور حکومت کی پہلی میعاد میں وزیر بھی تھے۔ کالکاجی حلقے کی نمائندگی کرنے والی آتشی، سسودیا کی تعلیمی ٹیم کی اہم رکن رہی ہیں۔ انہوں نے مشرقی دہلی حلقہ سے 2019 کا لوک سبھا الیکشن بھی لڑا تھا۔ انہیں بی جے پی کے امیدوار اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کے سامنے شکست کاسامنا کرنا پڑاتھا۔
آتشی اور بھاردواج کی کابینہ میں شمولیت تک وزراء راج کمار آنند اور کیلاش گہلوت سسودیا کے استعفیٰ کے بعد خالی پڑے محکموں کو سنبھال رہے ہیں۔ گہلوت کو مالیات، پی ڈبلیو ڈی کے ساتھ ساتھ کچھ محکموں کا اضافی چارج دیا گیا ہے، جو آنند کو دیا گیا ہے، جو سماجی بہبود کے وزیر بھی ہیں۔
یاد رہے کہ سوربھ بھاردواج 49 دنوں کی کیجریوال کی پہلی حکومت میں ٹرانسپورٹ کے وزیر رہ چکے ہیں۔ وہیں آتشی مارلینا تعلیم کے شعبے میں سسودیا کی مشیر رہ چکی ہیں۔