آلٹ نیو ز کے شریک بانی محمد زبیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ سے سر فراز  

چنئی،27جنوری:۔

میڈیا کی بڑھتی ہوئی طاقت اور اثر سے کسی کو انکار نہیں ہو سکتا۔اس نے سماج میں تبدیلی کا اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران غلط اور فرضی خبروں کی بھی بھر مار ہے۔ایسے میں ایک عام قاری کے لئے یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ جس ویڈیو یا خبر کو ہم پڑھ رہے ہیں کیا یہ حقیقت ہے یا فرضی۔ایسے دور میں فیکٹ چیکر آلٹ نیوز نے انتہائی اہم کام کرتے ہوئے حقیقت اور جھوٹ کے درمیان فرق بتانے اور حقیقی خبروں سے لوگوں کو روشناس کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

آج سوشل میڈیا یا میڈیا سے تھوڑی سی بھی دلچسپی رکھنے والا شخص آلٹ نیوز اور شریک بانی محمد زبیر سے اچھی طرح واقف ہے۔تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیرکو ان کی قابل ستائش خدمات کے لئے’’کوٹائی امیر فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈ 2024‘‘ سے نوازا۔ محمد زبیر تمل ناڈو کے کرشنا گری ضلع کے ڈنکانکٹّوئی کے رہنے والے ہیں۔

محمد زبیر کودیئے گئے سپاس نامے میں کہا گیا ہے کہ ان کا کام سماج میں فرضی خبروں کی وجہ سے ہونے والے تشدد کو روکنے میں مدد کرنا ہے۔ آلٹ نیوز خبروں کے پیچھے کی سچائی کو سامنے لاتا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں مہاجر مزدوروں پر حملے کی سچائی کو محمد زبیر آلٹ نیوز کے ذریعے عوام کے سامنے لائے تھے۔ محمد زبیر نے ویڈیوز فوٹیج کو چیک کرنے کے بعد کہا تھا کہ تمل ناڈو میں مہاجر مزدوروں پر ہونے والے حملوں کی ویڈیوز جعلی ہیں۔ محمد زبیر کی اس تصدیق سے تمل ناڈو میں ایک بڑا تشدد رک گیا تھا۔