
زکوٰۃ فاؤنڈیشن کا مفت طبی کیمپ 150 سے زائد افراد کا معائنہ
غیر ضروری دواؤں سے بچنے اور سادہ و متوازن غذا لینے کا مشورہ
لکھنؤ: ( دعوت نیوز ڈیسک)
ارادت نگر، ڈالی گنج میں زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں علاقے کے 150 سے زائد افراد نے شرکت کر کے مختلف امراض کا معائنہ کروایا اور مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
کیمپ کا مقصد عوام کو ابتدائی طبی امداد، بیماریوں کی بر وقت تشخیص اور صحت سے متعلق شعور فراہم کرنا تھا۔ کیمپ کے دوران 95 سے زائد افراد کے بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور عمومی صحت کے معائنے کیے گئے، جب کہ مریضوں میں مفت دوائیں بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے خدمات انجام دی، جس میں ڈاکٹر فرید احمد، ڈاکٹر اشرف نجیب، ڈاکٹر ہدیٰ اور ڈاکٹر عامر شامل تھے۔
ڈاکٹر فرید احمد نے بتایا کہ کیمپ میں آنے والے بیشتر مریضوں میں فنگل انفیکشن، بخار، جسمانی کمزوری اور جلدی امراض کی شکایات پائی گئیں، جنہیں موقع پر ہی علاج فراہم کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے مریضوں کو حفظان صحت کی اہمیت، غیر ضروری ادویات کے استعمال سے پرہیز، تمباکو و نشہ آور اشیاء سے دوری اور متوازن غذا اپنانے جیسے مشورے دیے۔ بچوں کی صحت کے حوالے سے ماہرین نے گھر کے کھانے اور سادہ غذا کے استعمال پر زور دیا۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد میں ظفرالدین انصاری، فاروق خان، محمد عارف اور اسد علی نے نمایاں کردار ادا کیا۔
فاؤنڈیشن کے ذمہ داروں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کے فری میڈیکل کیمپس منعقد کرتے رہیں گے تاکہ عام لوگوں کو بنیادی صحت کی سہولت ان کے دروازے پر فراہم کی جا سکے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 06 جولائی تا 12 جولائی 2025