یہ خونِ خاک نشیناں تھا رزق خاک ہوا

ر فح لہو لہو:بے کسوں کا دنیا سے کوئی رابطہ نہیں

مسعود ابدالی

ہمارے فراہم کردہ بموں سے شہری مارے گئے۔ صدر بائیڈن کا ’انتخابی‘ اعتراف
ر فح کی صورتحال ہر گزرتے لمحے کے ساتھ خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ رفح گیٹ پر قبضے کے بعد ان بے کسوں کا دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ غزہ جانے والے امدادی کارکنوں اور طبی عملے کے نکلنے کا راستہ بھی مسدود ہے۔ جب تک رفح کا راستہ کھلا تھا، مصری فوج کو نذرانہ دے کر ہی سہی تھوڑی بہت غذا اور دوا غزہ پٹی تک پہنچ رہی تھی۔ اب سارے راستے بند ہیں اور بھوک کے ہتھیار کو اسرائیل بے رحمی سے استعمال کر رہا ہے۔
قیامت خیز بمباری و گولہ باری کے بعد 8؍ مئی کی صبح اسرائیلی فوج ر فح میں داخل ہوگئی۔ نوحے سے پہلے ایک حوصلہ افزا خبر۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 10؍ مئی کو عرب ممالک کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی پیش کردہ قرارداد دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی جس میں سلامتی کونسل سے فلسطین کی مکمل رکنیت پر ’مثبت غور‘ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک کے حق میں 153 ووٹ آئے، امریکہ، آسٹریا، چیک ریپبلک اور اسرائیل سمیت 10 ممالک نے مخالفت میں ہاتھ بلند کیے جبکہ 23 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جن میں برطانیہ، یوکرین اور اکثر یورپی ممالک شامل ہیں۔خوش آئند بات یہ ہے کہ ایسی ہی ایک قرارداد پر اکتوبر میں ہونے والی رائے شماری میں مسلم اکثریتی ملک البانیہ غیر جانب دار رہا تھا لیکن اس بار البانیہ نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ امریکہ کے اتحادیوں آسٹریلیا، فرانس، بیلجیم، کینیڈا اور فرانس نے قرارداد کی حمایت کی۔
تحریک کے ذریعے اقوامِ عالم کی غیر معمولی اکثریت نے آزاد و خود مختار فلسطین کی کھل کر حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی قوت نافذہ سے محروم ہے اور جب تک سلامتی کونسل منظوری نہ دے، اس کی حیثیت کاغذ کے ایک ردی ٹکڑے سے زیادہ کچھ نہیں اور سلامتی کونسل کے بارے میں حضرت انور مسعود نے کیا خوب کہا ہے ’تمہارے ووٹ کیا ہوتے ہیں جب ویٹو ہمارا ہے‘
سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں سے امریکہ نے قرارداد کی شدید مخالفت کی اور برطانیہ غیر جانب دار رہا۔ لہذا کونسل سے اس کی منظوری کا کوئی امکان نہیں۔ تجویز کو چچا سام کے لیے قابل قبول بنانے کی غرض سے مسودے میں یہ تک درج کر دیا گیا کہ رکنیت کے بعد بھی فلسطین کو قراردادوں پر رائے شماری کے دوران ووٹ ڈالنے کا حق ہوگا اور نہ فلسطین اقوام متحدہ کے مختلف اداروں جیسے سلامتی کونسل کے انتخابات میں اپنے امیدوار نامزد کرسکے گا۔ اس کے باجود کینہ پرور رقیب کا دل نہ پسیجا۔ قرارداد کی منظوری پر مبارک سلامت اپنی جگہ لیکن یہ وہ بے فیض بارش ہے کہ جس کے بعد روئیدگی کا نام و نشان نہیں۔
جہاں تک ر فح کا سوال ہے تو فضا سے بمباروں کے ساتھ سرحد پر کھڑے درجنوں ٹینکوں نے گولہ باری کرکے پہلے سے کھنڈر بنی اس خیمہ بستی کو آگ کے مہیب گولے میں تبدیل کردیا ہے۔اس دوران بحیرہ روم سے برسنے والے میزائیلوں نے فلسطینی مچھیروں کی بستی مسمار کردی ۔حملے سے پہلے مصری حکومت کو اعتماد میں لیا جا چکا تھا بلکہ افواہ ہےکہ اسرائیل کے ’عرب دوست‘ بھی سیاسی اصطلاح میں onboard تھے۔ یہ کارروائی بھر پور تیاری کے بعد کی گئی اور امریکہ سے 17 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ ملنے کے بعد اسرائیلی کمانڈروں کو حملے کا حکم دیا گیا۔
ر فح میں انسانی ذبیحے پر صدر بائیڈن کو بہت ’تشویش‘ ہے۔ امریکی ٹیلی ویژن CNN پر گفتگو کرتے ہوئے جناب بائیڈن نے اعترف کیا کہ ’ہمارے فراہم کردہ بموں سے غزہ کے شہری ہلاک ہوئے ہیں‘۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ اسرائیل کو اسلحہ فراہمی معطل کردی گئی ہے۔ امریکی صدر نے بہت صراحت کے ساتھ کہا کہ اسرائیل کی حفاظت کے لیے ان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی تاہم وہ وزیر اعظم اسرائیل نتن یاہو اور ان کی جنگی کابینہ کو متنبہ کرچکے تھے کہ رفح پر فوج کشی امریکہ کے لیے قابل قبول نہیں، چنانچہ اسرائیل کو رفح آپریشن اور امریکی اسلحے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس سے پہلے ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’امریکہ نے اسرائیل کو ان مخصوص ہتھیاروں کی منتقلی کا احتیاط سے جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جو رفح میں استعمال ہو سکتے ہیں‘۔ اسرائیلی عسکری ذرایع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے 500 اور 2000 پونڈ کے بموں کی نئی کھیپ روک دی ہے۔
اسلامی و عرب دنیا کا واشنگٹن نواز میڈیا، پابندی کی خبر چیختی چنگھاڑتی سرخیوں کے ساتھ شایع کر رہاہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ 2؍مئی تک روزانہ تین مال بردار جہاز آتشیں اسلحہ اسرائیل پہنچاتے رہے اور آلاتِ قتل کی ضرورت پوری ہو جانے کے بعد فراہمی میں وقفہ لایا گیا ہے۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ اسلحہ ذخیرہ کرنے کے اسرائیلی گوداموں پر اب جگہ باقی نہیں رہی اس لیے مزید فراہمی عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔
ر فح کارروائی پر تشویش کے اظہار کے ساتھ تل ابیب کو دلاسے اور یقین دہانی کا سلسلہ جاری ہے۔ جس روز صدر بائیڈن نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کیا اسی دن امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے کہا ’اسرائیلی ہم منصبوں نے ہمیں جو بتایا ہے وہ یہ ہے کہ ر فح آپریشن محدود، اور اس کا مقصد حماس کی غزہ میں ہتھیاروں اور رقوم کی اسمگلنگ ختم کرنا پے‘۔
خبروں پر سنسر بلکہ مکمل پابندی اسرائیلی حکمت عملی کا کلیدی جزو ہے اس لیے حملے کے چار روز مکمل ہوجانے کے باوجود رفح میں شہری نقصانات کا کوئی اندازہ نہیں۔ خبروں کا واحد غیر جانب دار ذریعہ الجزیرہ تھا جس پر پابندی لگاکر اس کے ٹرانسمیشن آلات پر اسرائیلی حکومت نے قبضہ کرلیا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ مغربی دنیا تو ایک طرف مسلم صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی اس پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔
غزہ کے معاملے پر عرب دنیا کے محتاط رویے کی بنیادی وجہ ان ممالک کی اپنی ترجیحات ہیں۔مئی کے آغاز میں یہ خبر گرم تھی کہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیاں نیٹو طرز کا دفاعی معاہدہ ہونے والا ہے جس کے تحت سعودی عرب کو آئرن ڈوم اور F-35 جیسے حساس و جدید ترین اسلحے تک رسائی دے دی جائے گی۔ سعودی وزارت خارجہ کے ذرایع یہ تاثر دے رہے تھے کہ معاہدے پر دستخط چند دنوں کی بات ہے لیکن 5؍ مئی کی صبح امریکہ کے مشیر قومی سلامتی جان سولیون نے اپنے سعودی ہم منصب کو باور کرادیا کہ سعودی اسرائیل سفارتی تعلقات سے پہلے یہ معاہدہ ممکن نہیں جبکہ غزہ میں جاری خونریزی کے اختتام سے پہلے اسرائیل کو تسلیم کرنا، شاہی خاندان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔سعودی ولی عہد ہر قیمت پر امریکہ سے فوجی معاہدہ چاہتے ہیں۔ مملکت میں شراب خانے کھولنے کی اجازت اور لبرل ازم کی جانب پیش رفت سعودی معاشرے کو امریکہ کے لیے قابل قبول بنانے کی ایک کوشش ہے۔دفاعی معاہدہ کھٹائی میں پڑجانے کی وجہ سے ایک طرف مستضعفین پر امن معاہدے اور قیدیوں کی رہائی کے لیے عرب دباو بڑھ گیا ہے تو دوسری جانب رفح خونریزی پر عربوں کا رد عمل پرجوش نہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے اسلحے پر پابندی کا ’مشکوک‘ اعلان سیاسی دباو کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے سینئر رکن جیسن کرو (Jason Crow) اور عسکری خدمات کمیٹی کے رکن کرس ڈولوزیو Chris Deluzio نے صدر بائیڈن کے نام خط میں امریکی صدر کو مطلع کیا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں امریکہ کی فراہم کردہ انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی پے۔ ان پابندیوں نے فلسطینی شہریوں کے لیے تباہی اور غزہ کے کچھ حصوں میں قحط کی صورتحال پیدا کردی ہے۔ مکتوب میں امریکی صدر کو یاد دلایا گیا کہ غیر ملکی مدد کے باب میں امریکی قانون Foreign Assistance Act کے تحت امریکی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے ممالک امریکہ کی فوجی امداد کے لیے نااہل ہیں۔ چنانچہ اسرائیل کے لیے واشنگٹن کی حمایت Blank Check نہیں ہونی چاہیے اور ہم صدر بائیڈن سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل سے امریکی تعلقات پر نظر ثانی کریں گے۔خط پر دونوں مصنفین کے علاوہ ڈیموکریٹک پارٹی کے 86 ارکان نے دستخط کیے ہیں۔
دوسری طرف ریپبلکن پارٹی اور اسرائیل نواز عناصر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی معطل کر دینے پر سخت مشتعل ہیں۔ کانگریس کے اسپیکر مائک جانسن اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نے اس فیصلے کے خلاف قرارداد لانے کا اعلان کیا ہے۔سابق صدر ٹرمپ نے اپنے مخصوص لہجے میں کہا کہ ’ Crooked (دغا باز) بائیڈن نے اسلحے کی فراہمی روک کر اسرائیل کی پشت میں چھرا گھونپ دیا ہے‘۔
امریکی جامعات میں تشدد، گرفتاری اور اخراج کے باوجود اہلِ غزہ سے یکجہتی کی تحریک جاری ہے۔ اکثر اداروں میں احتجاجی خیمے اکھاڑ دیے گئے ہیں اور کئی جگہ پولیس کی نگرانی میں اسرائیل نواز عناصر کی غنڈہ گردی کا سلسلہ شووع ہوگیا ہے۔ موقر ترین ادارے MIT میں احتجاجی طلبہ کو منتشر کرنے کے بعد اسی مقام ہر اسرائیل کا بہت بڑا پرچم لہرا دیا گیا۔ انتہائی شرمناک صورت جامعہ جنوبی کیلیفورنیا (USC)میں پیش آئی جہاں بیرونی عناصر نے اساتذہ کے سامنے فحش گالیوں پر مشتمل پلے کارڈ لہرائے۔ یہ دیکھ کر جب چند پروفیسروں کی جبینیں شکن آلود ہوئیں تو ان کے ساتھیوں نے سمجھایا کہ خاموش رہنا بہتر ہے ورنہ Antisemitism کے مرتکب قرار پاو گے۔ امریکی اہل دانش کتنے مجبور ہو گئے ہیں۔

جامعات کی سربراہان کی گوشمالی کے بعد امریکی کانگریس کی مجلس قائمہ برائے تعلیم نے ہائی اسکولوں کے حکام کو طلب کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے نیوریاک، برکلے (کیلیفورنیا) اور ریاست میری لینڈ کے منٹگمری اسکول بورڈ کے سربراہان کمیٹی کے سامنے طب کر لیے۔ اپنے ابتدائی بیان میں نیویارک پبلک اسکول بورڈ کے چانسلر ڈیوڈ بینکس نے کہا کہ ہمارے استاتذہ نفرت کی تعلیم دیتے ہیں اور نہ ہم کلاس میں کسی خاص مذہب کا ذکر کرتے ہیں۔لیکن عالمی سطح پر ہونے والی کشکمش کی بازگشت کو روکنے کا ہمارے پاس کوئی
طریقہ نہیں ہے۔ گفتگو مکمل ہونے سے پہلے ہی فلوریڈا سے رکن کانگریس ہارون بین (Aaron Bean)چلاے ’اس کا مطلب ہوا کہ آپ کو نفرت کی اشاعت پر کوئی تشویش نہیں‘۔اس احمقانہ منطق کا چانسلر صاحب کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔
جامعہ جارج واشنگٹن میں مظاہرے پر دارالحکومت کی رئیسِ شہر محترمہ موریل باوزر Muriel Bowser کی شامت آگئی۔ موصوفہ سے کانگریس کی کمیٹی برائے نگرانی و احتساب (Oversight & Accountability) نے سوال کیا ہے کہ اسرائیل کے مخالفین سے نرمی کیوں برتی گئی؟
جامعات کے گرد شکنجہ کسنے کے ساتھ امریکہ بھر میں سیاسی محاذ پر بھی اسلاموفوبیا عروج ہے۔ برطانیہ میں ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخاات میں کچھ مسلمانوں کے منتخب ہونے پر ریپبلکن پارٹی کی رکن کانگریس محترمہ لورین بوبرٹ نے ٹویٹر پر لکھا ‘برطانیہ میں مسلم انتہا پسند سیاسی اقتدار سنبھال رہے ہیں۔ہم اسے یہاں سے دیکھ رہے ہیں۔ یہ امریکہ کے لیے خوفناک ہوگا، ہمیں اندازہ ہی نہیں کہ یہاں بھی ایسا ہونے والا ہے۔ برطانیہ کے حالیہ بلدیاتی انتخاب میں کونسلروں نے منتخب ہونے پر اپنی فتح کا جشن منانے کے لیے ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے۔ اگر ہم اپنی سرحدوں کے بارے میں جلد سنجیدہ نہ ہوئے تو جو کچھ برطانیہ میں ہورہا ہے وہ بہت جلد یہاں ہوگا، ہمارے تصور سے بھی بہت پہلے۔
اسی خدشے کا اظہار ٹیکساس سے رکن کانگریس جناب چِپ رائے Chip Roy نے ایوان میں تقریر فرماتے ہوئے کیا۔ موصوف خوفزدہ لہجے میں بولے ’برطانیہ پر مسلمانوں کا قبضہ ہماری آنکھوں کے سامنے نظر آ رہا ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں یہ لوگ شرعی قوانین نہ نافذ کردیں، کیا شریعت امریکی عوام پر بھی مسلط کی جائے گی؟ مجھے ان لوگوں کے بارے میں سخت خدشات ہیں جو اسرائیل کی تباہی چاہتے ہیں۔جو 7؍ اکتوبر پر خوش تھے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو برطانیہ میں منتخب ہوئے ہیں۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ عناصر امریکہ میں بھی ہیں‘
معاملہ امریکہ تک محدود نہیں۔ بمبئی میں وڑھیاوار اسکول کی پرنسپل، محترمہ پروین شیخ، سوشل میڈیا پر فلسطن کے حق میں ایک پوسٹ like کرنے پر معطل کرد ی گئیں۔ پروین شیخ صاحبہ اس انتہائی موقر اسکول میں بارہ سال سے پرنسپل تھیں۔ محترمہ نے خود کچھ نہیں لکھا، بس 2؍ مئی کو اپنے ذاتی اکاونٹ سے ایک پوسٹ کو لائک کیا تھا جو مبینہ طور پر فلسطینیوں کے حق میں تھی۔اسکول انتظامیہ نے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ پروین شیخ کی سوشل میڈیا سرگرمیاں تعلیمی ادارے کی اقدار سے ہم آہنگ نہیں۔
ر فح کی صورتحال ہر گزرتے لمحے کے ساتھ خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ رفح گیٹ پر قبضے کے بعد ان بے کسوں کا دنیا سے کوئی رابطہ نہیں۔ غزہ جانے والے امدادی کارکنوں اور طبی عملے کے نکلنے کا راستہ بھی مسدود ہے۔ جب تک رفح کا راستہ کھلا تھا، مصری فوج کو نذرانہ دے کر ہی سہی تھوڑی بہت غذا اور دوا غزہ پٹی تک پہنچ رہی تھی۔ اب سارے راستے بند ہیں اور بھوک کے ہتھیار کو اسرائیل بے رحمی سے استعمال کررہا ہے۔
[email protected]
***

 

***

 خبروں پر سنسر بلکہ مکمل پابندی اسرائیلی حکمت عملی کا کلیدی جزو ہے اس لیے حملے کے چار روز مکمل ہو جانے کے باوجود رفح میں شہری نقصانات کا کوئی اندازہ نہیں۔ خبروں کا واحد غیر جانب دار ذریعہ الجزیرہ تھا جس پر پابندی لگاکر اس کے ٹرانسمیشن آلات پر اسرائیلی حکومت نے قبضہ کرلیا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ مغربی دنیا تو ایک طرف مسلم صحافتی حلقوں کی جانب سے بھی اس پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 19 مئی تا 25 مئی 2024