اگر ’’گائے سے گلے ملنے کا دن‘‘ مناتے ہوئے گائے مجھے زخمی کیا تو کیا مرکز مجھے ہیلتھ انشورنس فراہم کرے گا: ممتا بنرجی نے پوچھا
نئی دہلی، فروری 14: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز پوچھا کہ کیا مرکز اس کے لیے صحت کا بیمہ فراہم کرے گا اگر گائے نے ’’گائے سے گلے ملنے کا دن‘‘ منانے کے دوران کسی شخص پر حملہ کیا۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے یہ بیان 6 فروری کو اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی طرف سے ویلنٹائن ڈے کو ’’گائے سے گلے ملنے کے دن‘‘ کے طور پر منانے کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے دیا۔ یہ نوٹس 10 فروری کو ’’مجاز اتھارٹی‘‘ اور وزارت ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری کی طرف سے جاری کردہ ایک ہدایت پر واپس لے لیا گیا تھا۔
بورڈ نے نوٹس میں گائے سے محبت کرنے والوں پر زور دیا تھا کہ وہ 14 فروری کو گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منائیں۔ نوٹس میں کہا گیا تھا ’’ماں گائے کی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور زندگی کو خوش گوار اور مثبت توانائی سے بھرپور بنانے کے لیے 14 فروری کو گائے سے گلے ملنے کے دن کے طور پر منائیں۔ گائے کو گلے لگانے سے جذباتی خوش حالی آئے گی اور ہماری انفرادی اور اجتماعی خوشی میں اضافہ ہوگا۔‘‘
پیر کو بنرجی نے ریاستی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکز پر طنز کیا۔
بنرجی نے کہا ’’میں ایک گائے کو گلے لگانے جاؤں، ٹھیک ہے لیکن اگر وہ اپنے سینگوں سے مجھے زخمی کردے تو کیا ہوگا؟ کیا وہ [مرکز] ہیلتھ انشورنس کو یقینی بنائیں گے؟ انھیں پہلے ایسا کرنا چاہیے۔ انھیں اس کے لیے 10 لاکھ روپے کا بیمہ دینا چاہیے، پھر ہم گائے کو گلے لگانے لگیں گے۔‘‘
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بھی گائے سے پیار کرتی ہیں لیکن ان سے گلے نہیں ملتیں۔
بنرجی نے کہا ’’ان کے (بی جے پی کے) پاس دماغ کی جگہ کیا ہے، میں نہیں جانتی۔ …اب براہ کرم دیگر مویشیوں جیسے بھینسوں کے لیے بھی کچھ سوچیں۔ ان کے بڑے سینگ ہیں۔ بھینسوں کو گلے لگانے کے لیے 20 لاکھ روپے کا انشورنس کیسا رہے گا؟‘‘