’’وہ رام کی بات کرتے ہیں، لیکن سیتا کا کیا؟

ممتا بنرجی کا بی جے پی سے چھبتا ہوا سوال۔ پارٹی پر خواتین مخالف ہونے کا الزام

کولکاتا: دعوت نیوز نیٹ ورک

بھگوا پارٹی کی ایودھیا مہم کو چیلنج کرنے کے لیے وزیراعلیٰ مغربی بنگال کی ’ہم آہنگی ریلی‘ کانگریس کے لیے ایک سبق
ایودھیا میں 22؍ جنوری کو رام مندر کے ’تقدس کے دن‘ وزیراعلیٰ مغربی بنگال اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی طرف سے کولکاتا میں نکالی گئی ’سنہتی ریلی‘ (فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ریلی) کو اس سال لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کی نفرت انگیز مہم چیلنج کرنے والی ایک قابل خیر مقدم کارروائی ہے۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ یہ اپوزیشن پارٹی کے طور پر کانگریس کے لیے سبق آموز ہے۔
بنرجی نے بی جے پی پر مذہب پر سیاست کرنے کا الزام لگایا اور رام پر اپنی تقریر سے سیتا کو ہٹانے پر پارٹی کو خواتین مخالف قرار دیا۔ ممتا بنرجی نے کہا ’’وہ رام کی بات کرتے ہیں، لیکن سیتا کا کیا ہوا؟ وہ رام کی جلاوطنی کے دوران ان کے ساتھ تھیں۔ وہ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے کیونکہ وہ خواتین مخالف ہیں۔ ہم دیوی درگا کی پوجا کرنے والے ہیں، اس لیے انہیں مذہب کے بارے میں ہمیں لیکچر دینے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے‘‘ ۔کولکاتا میں ہزارہ سے پارک سرکس تک اپنی پانچ کلومیٹر کی ریلی کے دوران کالی گھاٹ مندر، ایک گردوارہ، ایک مسجد اور ایک چرچ میں مراسم ادا کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے منریگا کے تحت اجرت کی ادائیگی سے مرکز کے مبینہ انکار سے لے کر تقریباً ہر سیاسی مسئلے کو چھیڑا۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) کی اسکیم کو بھی نشانہ بنایا۔ ممتا بنرجی نے جلوس کے اختتام پر کہا ’’بنگال کے لوگوں پر ملک کو بچانے، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے لوگوں کو بچانے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘ ’ہندو-مسلم بھائی بھائی‘ کے نعروں کے ساتھ انہوں نے عوام کو آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی کے خلاف لڑنے کی تلقین کی۔
ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے بھی لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہب کے نام پر ووٹ نہ دیں بلکہ ریاست کے مفاد میں ووٹ دیں۔ وزیر اعلیٰ کے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے بگل بجانے سے پہلے مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔
ممتا بنرجی نے کہا’’مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے کہ کوئی رام کی عبادت کرتا ہے یا اللہ سے دعا کرتا ہے۔ میرا اعتراض یہ ہے کہ ملک میں بے روزگاری سب سے زیادہ ہے۔ لوگوں کی کھانے کی عادتوں میں مداخلت کی کوششیں کی جا رہی ہیں،‘‘ انہوں نے اعلان کیا کہ ترنمول کانگریس 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔
انہوں نے کانگریس پر ہندو ووٹوں کو تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے نہ صرف بی جے پی کو نشانہ بنایا بلکہ مسلم کمیونٹی کے کچھ لیڈروں پر دلال کے طور پر کام کرنے اور مسلم ووٹوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نےبائیں بازو کی جماعتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹوں نے مغربی بنگال میں مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔
کولکاتا میں مندر کے افتتاح کے موقع پر کئی ریلیاں بھی دیکھی گئیں، جن میں سے ایک قائد حزب اختلاف سویندو ادھیکاری کی تھی۔ جادو پور یونیورسٹی میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد سے تعلق رکھنے والے طلباء، جنہوں نے مندر کے افتتاح کی خوشی میں ایک ریلی نکالی تھی، ان کی اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) سے جھڑپ ہوئی جنہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ریلی نکالی تھی۔
ایس ایف آئی کے حامیوں کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی جھڑپ ہوئی اور انہوں نے یونیورسٹی کے احاطے کے باہر ایک ریلی کا انعقاد کیا اور یہ نعرہ بلند کیا کہ وہ فرقہ وارانہ سیاست کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترنمول کانگریس مغربی بنگال کے ہر بلاک میں ‘سروا دھرم سماویہ’ (تمام مذاہب کی ہم آہنگی) کے موضوع پر ریلیاں منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ترنمول کانگریس کی صدر کا رام مندر کی تقریب کو چھوڑنے اور کولکاتا میں ایک متوازی ریلی کا اہتمام کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت دیکھنے میں آیا جب کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی اپوزیشن اتحاد میں شامل کئی جماعتوں نے 22 جنوری کو ہونے والے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری طرف بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ نے رام مندر کے معاملے پر ریاست میں جارحانہ مہم شروع کر دی ہے۔
ایک اور پیشرفت میں، میٹرو ریلوے کے حکام اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان میٹرو ریلوے سرویس آپریشن میں آسانی کے لیے دکشنیشور مندر پر نصب ’اسکائی واک‘ کے ایک حصے کو ختم کرنے کی تجویز پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ بنرجی نے دکشنیشور مندر کے اسکائی واک میں کوئی بھی تبدیلی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اسکائی واک کی تعمیر 2018 میں 80 کروڑ روپے کے بجٹ سے کی گئی تھی۔
رام مندر کے لیے بی جے پی کی تفرقہ انگیز مہم پر اپنے تنقیدی تبصروں میں، بنرجی نے کہا کہ رام کی ’پران پرتھشٹھا‘ سیاست دانوں کا کام نہیں ہے۔ یہ دیداروں اور سادھوؤں کا کام ہے۔ ایودھیا جا کر ہم کیا کریں گے؟ بطور سیاستداں، ہمارا کام انفراسٹرکچر بنانا ہے، اور میں یہ کروں گی‘‘۔ پارک سرکس میدان، جہاں ریلی کا اختتام ہوا، مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔
دوسری طرف بی جے پی نے ترنمول کانگریس پر ہندو جذبات کی ’’بے دلی سے نظر اندازی‘‘ کا الزام لگایا ہے۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے کہا کہ ممتا بنرجی فرقہ وارانہ تصادم کے لیے میدان تیار کر رہی تھیں۔ انہوں نے ماضی میں مغربی بنگال میں مذہبی جلوسوں پر اور حال ہی میں کچھ سادھوؤں پر مبینہ حملوں کے واقعات کا حوالہ دیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے ریلی کے انعقاد کے ممتا بنرجی کے فیصلے کو ایک ’ماسٹر اسٹروک‘ قرار دیا ہے کیونکہ بی جے پی پورے ملک میں ماحول کو خراب کر رہی ہے۔
ممتا بنرجی کے اس اقدام کو کانگریس کے لیے ایک سبق کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جو بابری مسجد کیس میں دوغلا پن ظاہر کرتی رہی ہے اور ہندوستانی جمہوریت کے سیکولر کردار پر مضبوط موقف اختیار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کے طور پر کانگریس کو مندر کے افتتاح کے دن بی جے پی کو للکارنے کے لیے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں امن مارچ اور ہم آہنگی کی ریلیاں منعقد کرنے کی قیادت کرنی چاہیے تھی۔
کانگریس، جس نے ایودھیا تنازعہ کو قومی سطح پر لانے میں اہم کردار ادا کیا اور 1992 میں بابری مسجد کے انہدام میں سہولت فراہم کی، اس نے رام مندر سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی بی جے پی کی مہم پر بے کار سوال کیا ہے۔ پارٹی کے اپنے لیڈر بشمول راہول گاندھی، کمل ناتھ اور اشوک گہلوت، اکثریتی طبقے کو متاثر کرنے کی کوشش میں مندروں کے سامنے دھاوا بول رہے ہیں، لیکن ان کی حکمت عملی کی کامیابی مشکوک ہے۔
مغربی بنگال میں، بی جے پی کو امید ہے کہ اس سال لوک سبھا انتخابات میں ہندتو کا سہارا لے کر وہ اپنی 2019 کی کارکردگی میں بہتری لے آئے گی۔ مغربی بنگال کی 42 لوک سبھا سیٹوں میں سے بی جے پی نے 2019 میں 18 پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس بار اس نے 35 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ ممتا بنرجی مسلم ووٹروں کو اپنے ساتھ بنائے رکھنے کی تیاری کر رہی ہیں، کیونکہ ریاست کی آبادی میں ان کا حصہ 30 فیصد ہے اوروہ تقریباً 100 اسمبلی حلقوں میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ بی جے پی ممتا بنرجی پر مسلمانوں کی خوشنودی کا الزام لگا کر ان کی حکمت عملی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 4 فروری تا 10 فروری 2024