مغربی بنگال ضمنی انتخابات: بھبانی پور میں ممتا بنرجی کو ابتدائی مرحلے میں بڑی برتری حاصل، ٹی ایم سی مرشد آباد کی دو نشستوں پر بھی آگے

نئی دہلی، اکتوبر 3: الیکشن کمیشن کے مطابق آج صبح چوتھے راؤنڈ کی گنتی کے بعد بھبانی پور ضمنی انتخاب میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 12،435 ووٹوں سے آگے ہیں۔

ٹی ایم سی مرشد آباد کے شمشیر گنج اور جانگی پور میں بھی آگے ہے، جہاں ضمنی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

گنتی کے چوتھے راؤنڈ کے بعد سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کولکاتا کے بھبانی پور سیٹ پر ٹی ایم سی امیدوار ممتا بنرجی نے 16،397 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ان کی قریبی حریف بی جے پی کی پرینکا تبریوال نے 3،962 ووٹ حاصل کیے، جب کہ سی پی آئی ایم کے سری جیب بسواس نے 315 ووٹ حاصل کیے۔

بھبانی پور میں کل 21 راؤنڈ میں گنتی ہوگی۔

شمشیر گنج میں ٹی ایم سی امیدوار امیر الاسلام گنتی کے پانچویں راؤنڈ کے بعد 3،768 ووٹوں سے آگے ہیں۔ انھوں نے 19،751 ووٹ حاصل کیے ہیں، جب کہ ان کے قریبی حریف کانگریس کے زید الرحمن نے 15،983 ووٹ حاصل کیے۔

دوسرے مرحلے کی گنتی کے بعد جانگی پور کے ٹی ایم سی امیدوار ذاکر حسین 4،715 ووٹوں سے آگے ہیں۔ حسین نے 9،213 ووٹ حاصل کیے اور ان کے قریبی حریف بی جے پی کے سوجیت داس کو 4،498 ووٹ ملے۔

ان نشستوں پر ووٹنگ 30 ستمبر کو ہوئی تھی۔