"ہم اپنے بھائیوں کی حفاظت کریں گے”: تمل ناڈو کے وزیر اعلی کی تارکین وطن مزدوروں کو یقین دہانی
تمل ناڈو میں بہار کے تارکین وطن مزدوروں پر حملے کی خبروں کے درمیان وزیر اعلیٰ کا بیان،بہار کے وفد بھی مزدوروں سے کرے گا ملاقات
نئی دہلی،04مارچ :۔
تمل ناڈو میں گزشتہ کئی دنوں سے بہار کے تارکین وطن مزدوروں پر جان لیوا حملے اور دس سے زائد مزدوروں کے قتل کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔تمل ناڈو میں بہار کے مزدوروں پر ہو رہے حملے کی خبریں بہار میں اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے لئے سیاسی جنگ کا سبب بن چکا ہے ۔ دریں اثنا تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے بہار کے تارکین وطن مزدوروں کو حفاظت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے ہفتہ کو بہار کے لوگوں پر حملے کی خبروں پر کہا کہ تارکین وطن مزدوروں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کوئی آپ کو دھمکی دے تو ہیلپ لائن پر کال کریں۔ تمل ناڈو حکومت اور عوام ہمارے تارکین وطن بھائیوں کی حفاظت کے لیے کھڑے ہوں گے۔ تمل ناڈو اور بہار کے حکام نے جنوبی ریاست بہار سے آنے والے تارکین وطن مزدوروں پر حملوں کے بارے میں افواہیں پھیلانے والوں کو بھی خبردار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ بہار کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ مقامی عہدیداروں کے ساتھ تارکین وطن مزدوروں سے ملاقات کریں گے۔ دوسری طرف تمل ناڈو کے ضلع مجسٹریٹس نے ہندی میں ایک اپیل جاری کرتے ہوئے تارکین وطن مزدوروں سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ دونوں ریاستوں کی پولیس بہار سے آنے والے تارکین وطن مزدوروں پر حملوں کی افواہوں کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
قبل ازیں بہار کے مزدوروں پر حملے کی خبر پر بہار قانون ساز اسمبلی میں ہنگامہ ہوا۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ وزارت داخلہ سے معاملے کی تحقیقات کرنے کو کہے۔ یادو نے کہا کہ تمل ناڈو پولیس نے واضح کیا ہے کہ مار پیٹ کے ویڈیوز "بے بنیاد” ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کل تارکین وطن کارکنوں پر حملوں کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک آل پارٹی وفد تمل ناڈو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
دریں اثنا تمل ناڈو میں بہار کے تارکین وطن مزدوروں پر حملے کے معاملے میں سوشل میڈیا پر افوا پھیلانے کے الزام میں اتر پردیش کے ایک بی جے پی رہنما کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے ساتھ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی پھوٹو شیئر کرتے ہوئے بی جے پی کی یو پی یونٹ کے ترجمان پرشانت اوراو نے ٹوئٹ کیا تھا کہ تمل ناڈو میں ہندی بولنے کے لئے بہار کے بارہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔اور حملے کے باوجود اسٹالن کے ساتھ تیجسوی یادو سالگرہ پارٹی میں حصہ لیا ۔پرشانت پر زبان کی بنیاد پر دشمنی پیدا کرنے کا بھی الزام ہے۔