دہشت گردی کے بیج ہم نے خود بوئے، جنگ ہماری دہلیز پر آگئی

پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکہ کے تناظر میں پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اعترافی بیان،کہا نمازیوں پر مسجد میں قتل عام تو بھارت میں بھی نہیں ہوتا

اسلام آباد ،یکم فروری :۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا حیران کن بیان موضوع بحث ہے ۔در اصل پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے پشاور کی مسجد میں ہوئے خود کش حملے کے تناظر میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے بیج ہم نے خود بوئے ہیں، افغانستان میں لڑی جانے والی جنگ ہماری دہلیز پر آگئی۔پاکستانی روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق اسمبلی اجلاس سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ہم آرمی پبلک اسکول کا سانحہ بھی نہیں بھولے، گزشتہ روز پشاور میں سانحہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ 2010 سے 2017 تک دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں بھی مساجد میں ایسا نہیں ہوتا جیسا پاکستان میں ہوا، نمازیوں پر مسجد میں قتل عام تو بھارت میں بھی نہیں ہوتا۔خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ افغانستان میں لڑی جانے والی جنگ ہماری دہلیز پر آگئی، دہشت گردی کے بیج ہم نے خود بوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ یہاں جتنے فرقے ہیں، اتنی ہی جماعتیں سیاست میں حصہ لیتی ہیں، ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی جس طرح مذمت کی جانی چاہیے ویسے نہیں ہورہی، دہشت گردی کسی ایک فرقے یا طبقے کی جنگ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ ہر چیز کنفیوژن کا شکار ہوگئی ہے، یہ پاکستان کی جنگ ہے، یہ ساری قوم کی جنگ ہے، یہ کسی ایک فرقے کی جنگ نہیں ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں سپر پاور کا آلہ کار بننے کا شوق ہے، ہمیں اپنی خود احتسابی کرنا ہوگی، ہم نے اپنا ملک سارے کا سارا گروی رکھ دیا ہے۔