وزیر اعظم مودی کا دورہ کویت ، اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا
خلیجی ملک سے اقتصادی و ثقافتی تعلقات اور فروغ سرمایہ کاری کی خواہش۔کمیونٹی ایونٹ میں گلوکار مبارک الراشد نے ’سارے جہاں سے اچھا‘ نغمہ گایا
کویت سٹی (دعوت انٹر نیشنل نیوز ڈیسک)
وزیر اعظم نریندر مودی نے 21 اور 22 دسمبر 2024 کو کویت کا دورہ کیا، جو کسی بھارتی وزیر اعظم کا 43 سال بعد پہلا دورہ تھا۔ اس سے قبل 1981 میں وزیر اعظم اندرا گاندھی نے کویت کا دورہ کیا تھا۔ وزیراعظم مودی کا کویت پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع و داخلہ شیخ فہد یوسف سعود آل صباح، وزیر خارجہ عبداللہ علی الیحییٰ اور دیگر اہم شخصیات نے ان کا خیر مقدم کیا۔روانگی سے قبل وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک جامع اور دور رس شراکت داری کے قیام کا موقع فراہم کریں گی۔
اس دورے کے دوران، کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے وزیر اعظم مودی کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘دی آرڈر آف مبارک الکبیر’ سے نوازا۔ یہ اعزاز سربراہان مملکت یا بیرونی مہمانوں کو دوستی کی علامت کے طور پر دیا جاتا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز امریکی صدور بل کلنٹن، جارج بش اور برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو دیا جا چکا ہے۔ نریندرمودی نے اس اعزاز کو ہندوستان کے عوام کے نام معنون کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان اور کویت کے درمیان مستحکم دوستی کی علامت ہے۔ وزیر اعظم مودی کو اب تک 20 غیر ملکی اعلیٰ ترین اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
اس دورے کے دوران، وزیر اعظم مودی نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے بھی ملاقات کی، جہاں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے دورے کے دوران کویت نیوز ایجنسی (KUNA) کودیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کویت میں ‘میک ان انڈیا’ مصنوعات کی بڑھتی ہوئی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی مصنوعات کی عالمی سطح پر مقبولیت اور معیار کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کویت میں مقیم بھارتی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کمیونٹی نہ صرف کویت میں اقتصادی ترقی میں حصہ ڈال رہی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سماجی روابط کو بھی مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے بھارتی کمیونٹی کو ایک اہم سفیر قرار دیتے ہوئے ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔اس موقع پر کویت کے معروف گلوکار مبارک الراشد نے وزیراعظم نریندر مودی کے کمیونٹی ایونٹ #ہالا مودی میں "سارے جہاں سے اچھا” گانا نغمہ پیش کیا۔ یہ شان دار ایونٹ شیخ سعد ال عبداللہ انڈور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا تھا۔
مبارک الراشد نے کہا کہ وہ کویت اور بھارت کے درمیان مضبوط روابط پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔ وزیراعظم مودی نے ہمارے ملک کویت کے بارے میں بات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات پر زور دیا ہے۔ میں کویتی ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ وزیراعظم مودی نے کویتیوں کو بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کویت میں ہندوستانی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گہرائی آئے۔ اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو نئی جہت دی ہے، جو مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
***
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 دسمبر تا 04 جنوری 2024