وفاق العلماء تلنگانہ کے انتخابات مکمل، نئے اراکین عاملہ منتخب

تنظیم کو ملت اور انسانیت کے لیے زیادہ مفید اور نفع بخش بنانے کا عزم

نظام آباد: (دعوت نیوز ڈیسک)

ریاست تلنگانہ کے مختلف مکاتب فکر اور مدارس اسلامیہ کے علمائے کرام کی مؤقر تنظیم وفاق العلماء تلنگانہ نے اپنے نئے اراکین عاملہ کا انتخاب مکمل کر لیا ہے۔ مسجد یعقوب، نظام آباد میں منعقدہ اجلاس میں تاسیسی اراکین اور مقامی علماء نے شرکت کی۔
وفاق العلماء تلنگانہ 2017 میں اپنے دستور کے ساتھ قائم کیا گیا تھا۔ اس تنظیم کا مقصد مختلف مکاتب فکر کے علماء کے درمیان اتحاد، ملت اسلامیہ میں خیر امت کا شعور بیدار کرنا، وابستہ علماء کی علمی و فکری تربیت، اور ملت کے اختلافی مسائل میں اعتدال کی راہ اختیار کرنا ہے۔ تنظیم کے پہلے صدر مولانا احمد عبد العظیم رہے، جبکہ حالیہ انتخابات میں شیخ رکن الدین ندوی نظامی کو صدر منتخب کیا گیا ہے۔
نو منتخب اراکین عاملہ:
وفاق کے میقات 2026-2025 کے لیے درج ذیل علماء اور مفتیان کرام کو کثرت رائے سے منتخب کیا گیا:
-1 مولانا عرفان احمد صدیقی فلاحی
-2 مولانا احمد عبدالعظیم
-3 مولانا عظیم الدین فلاحی
-4 حافظ رفیق احمد نظامی
-5 مفتی طیب عبدالسلام قاسمی
-6 مولانا عبد الجبار عمری
-7 مفتی شوکت علی قاسمی
-8 مولانا شمس الضحیٰ جابر عمری
-9 مولانا شفیق احمد خان فلاحی
-10 مولانا محمود خان عمری
ضلعی صدور کے کوٹے سے منتخب علماء:
-1 مفتی عبد الفتاح عادل سبیلی
-2 مولانا جاوید بیگ عمری
-3 مولانا ابصار ندوی
-4 مولانا شاہ عالم ندوی فلاحی
اہم اجلاس اور خطاب عام
نشست کے بعد مقامی علماء و مفتیان کرام کے ساتھ تبادلہ خیال اور ہم طعامی کا اہتمام کیا گیا، جس میں تقریباً پندرہ نوجوان علماء شریک ہوئے۔ نشست کے اختتام پر مسجد رضا بیگ میں عوامی خطاب کا انعقاد ہوا، جس میں سیکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔
نو منتخب صدر شیخ رکن الدین ندوی نظامی اور دیگر ذمہ داروں نے اس موقع پر تنظیم کو ملت اور انسانیت کے لیے زیادہ مفید اور نفع بخش بنانے کا عزم کیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے اراکین پوری تن دہی اور اخلاص کے ساتھ تنظیم کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔
وفاق العلماء تلنگانہ کے اراکین اور تمام رفقائے کار کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں درکار صلاحیتوں سے نوازے اور ملت کی خدمت میں آسانیاں پیدا کرے۔
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 دسمبر تا 04 جنوری 2024