وادی ہدیٰ میں تین روزہ اسلامی بستی داعیانِ اقامت دین کے استقبال کے لیے تیار
انتظامات قطعی مرحلہ میں ۔ بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے مختلف شعبوں کے ذمہ دار مستعد
محمد مجیب الاعلیٰ
پاکیزہ و روح پرور ماحول کے ساتھ ساتھ جمالیاتی پہلو بھی مدنظر۔ناظم اجتماع عبدالجبار صدیقی سے گفتگو
اجتماع ارکان 2024 کی تیاریاں قطعی مرحلہ میں ہیں۔ یہ اجتماع حیدرآباد میں واقع وادی ہدیٰ میں 15؍ تا 17؍ نومبر 2024 منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس مقام کو 1981 کے تاریخ ساز کل ہند اجتماع عام کی بدولت ملک گیر شہرت حاصل ہوئی تھی۔ اس وقت کے بعد سے یہاں ابھی تک متعدد چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوچکے ہیں۔ رواں ماہ منعقد ہونے والا اجتماع اس لحاظ سے بہت خاص ہے کہ یہ وطن عزیز کے بدلتے ہوئے حالات میں ’’كُونُوا قَوَّامِينَ بِالْقِسْطِ شُهَدَاءَ لِلَّهِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کیا جارہا ہے جس میں پہلی بار نو ہزار نئے ارکان کسی کل ہند اجتماع ارکان میں شرکت کریں گے۔
اجتماع کی مقصدیت اور تیاریوں کے تعلق سے ناظم اجتماع جناب عبدالجبار صدیقی رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند نے ایک خاص گفتگو میں بتایا کہ کسی نظریاتی تحریک کی کامیابی کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس کے کارکنان میں گہری ہم آہنگی و یکجہتی ہو، اور وہ دل و دماغ سے اپنے مقصد سے جڑے رہیں۔ ان کے نصب العین، جذبات اور احساسات میں واضح اشتراک ہو اور یہ مشترک ہدف ان کے اندر ذمہ داری کا ایک مضبوط احساس اور عمل کی ایک طاقت ور تحریک پیدا کرے۔ ہمارے اجتماعات دراصل اسی مقصد کو پورا کرتے ہیں۔ جہاں تک تیاریوں کا سوال ہے، وہ الحمدللہ اطمینان بخش رفتار سے جاری ہیں اور تمام پچاس ڈپارٹمنٹس کے ذمہ دار اور ان کے معاونین اپنے اپنے کاموں میں مستعدی کے ساتھ لگے ہوئے ہیں۔ جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں لینڈ اسکیپنگ کے کام کی تکمیل کے بعد اجتماع گاہ کو تمام سہولتوں سے آراستہ و مزین کرنا آسان ہوگیا ہے۔ جرمن ٹینٹ والا وسیع وکشادہ آڈیٹوریم تیار ہے اور حلقوں کی ایسی منفرد ونمایاں تحریکی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے جو دیگر حلقوں کے قابل تقلید ہوسکتی ہیں، نمائش گاہ تیار کی گئی ہے ،عارضی بیت الخلاوں کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے، نماز گاہ اور وضو گاہ بھی تقریباً تیار ہے۔ قیام گاہوں، رہائش گاہوں اور طعام گاہوں پر کام چل رہا ہے جو جلد ہی تکمیل کو پہنچے گا۔
ناظم اجتماع نے بتایا کہ اعلیٰ معیاری انتظامات کے لیے گورنمٹ کے مختلف اداروں جیسے واٹر سپلائی ، الکٹریسٹی اور محکمہ بلدی امور وغیرہ سے تعاون لیا جارہا ہے۔ انتظامات پر بھاری مصارف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں جناب عبدالجبار صدیقی نے کہا کہ اس اجتماع میں عظیم اسلامی کاز سے وابستہ افراد کی میزبانی ہمارے پیش نظر ہے ۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر حتی المقدور کفایتی خرچ پر بہترسے بہتر سہولتیں فراہم ہوں۔انہوں نے کہا کہ اجتماع گاہ کی ترتیب وآراستگی میں اختراعیت اور جمالیاتی پہلو کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے جیسے اجتماع گاہ کے اردگرد موجود چٹانوں کو نہایت خوبصورتی سے آیات قرآنی اور اقوال زرین سے مزین کیا جارہا ہے تاکہ اجتماع کے معنوی اورظاہری حسن میں اضافہ ہو۔ اسی طرح اجتماع گاہ کے قدرتی ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے ایک اونچی جگہ مصنوعی واٹر فال بنایا گیا ہے جس کا نظارہ خاص طور پر رات کے وقت دیکھنے کے لائق ہوگا۔
جناب عبدالجبار صدیقی نے بتایا کہ اجتماع گاہ کو آنے والی 5 شاہراہوں کے باب الداخلہ پر کمانیں نصب کرتے ہوئے انہیں سابق امرائے جماعت اسلامی ہند ، مولانا ابواللیث ندویؒ ، مولانا محمد یوسفؒ، مولانا سراج الحسنؒ، مولانا عبدالحق انصاریؒ اور مولانا سید جلال الدین عمریؒ کے اسمائے گرامی سے موسوم کیا جارہا ہے۔ اسی طرح مرد ارکان مندوبین کی قیام گاہوں کو مولانا محمد عبد الرزاق لطیفی،مولانا محمد عبد العزيز،مولانا شمس پیر زاده،مولانا انیس الرحمن،مولانا انعام الرحمن خاں،مولانا سید حامد حسین،محترم وی پی – محمد حاجی، پروفیسر صدیق حسن،محترم مولوی کے۔ سی۔ عبد الله، محترم ٹی۔ کے ۔ عبد الله،مولانا افضل حسین، مولانا محمد شفیع مونس،مولانا نصرت علی، ڈاکٹر محمد نجات اللہ صدیقی،ڈاکٹر ضیاء الہدی / محترم عبد الفتح،مولانا مطیع اللہ کوثریزدانی،مولانا محمود احمد خاں سے موسوم کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی قیام گاہیں محترمہ فاطمه عمر ( کیر الا )،محترمه خورشید بیگم ( وانمباڑی)،محترمہ منیره خانم (پونه )،محترمہ قیصر بیگم نیازی (لکھنو)،محترمہ طیبہ آپا (کاہنور)،محترمہ امۃ الرزاق (کرناٹک)،محترمه سلمی بیگ (ممبئی)،محترمہ بیگم حفصه خاتون ( مغربی بنگال )،محترمہ حور جہاں انجم ( آکولہ)،محترمہ سلطان باجی ( وجئے واڑہ ) اور محترمه بیگم قریشی (حیدرآباد) کے ناموں سے موسوم ہوں گی۔
(اجتماع گاہ کا لے اوٹ صفحہ آخر پر دیا گیا ہے)
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 10 نومبر تا 11 نومبر 2024