اترپردیش: اپنی گرل فرینڈ کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ٹکڑے کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار
نئی دہلی، نومبر 21: اتر پردیش پولیس نے اتوار کے روز اعظم گڑھ ضلع میں اپنی سابق گرل فرینڈ کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ٹکڑے کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم کی شناخت پرنس یادو کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر 22 سالہ آرادھنا پرجاپتی کو کسی اور سے شادی کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ یادو اور پرجاپتی دو سال سے رشتہ میں تھے۔ اعظم گڑھ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ نے کہا کہ جب پرنس نوکری کے لیے بیرون ملک گیا تو خاتون کے خاندان نے فروری میں اس کی شادی کسی دوسرے شخص سے کر دی تھی۔
پرجاپتی کی شادی کے بارے میں جاننے کے بعد یادو ہندوستان واپس آیا اور اس پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا کہ وہ اس سے شادی کر لے۔
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق 9 نومبر کو یادو نے اپنے کزن سرویش کی مدد سے اپنے ماموں کے گھر پرجاپتی کا گلا گھونٹ دیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پھر دونوں نے اس کے جسم کو چھ حصوں میں کاٹ کر پولی تھین کے تھیلے میں باندھا اور اسے کنویں میں پھینک دیا۔ انھوں نے پرجاپتی کا سر کچھ دور ایک تالاب میں پھینک دیا۔
یہ واقعہ 16 نومبر کو اس وقت منظر عام پر آیا جب کچھ مقامی لوگوں نے ضلع اعظم گڑھ کے پسچیمی گاؤں کے باہر واقع کنویں کے اندر جسم کے اعضاء پائے۔
ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق پولیس نے یادو کو 19 نومبر کو حراست میں لیا اور بعد میں جب اس نے حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی تو اسے گرفتار کر لیا۔
آریہ نے کہا ’’جب پولیس ٹیم شواہد کی تلاش میں مصروف تھی، پرنس نے ایک دیسی ساختہ ریوالور برآمد کیا، جسے اس نے ایک کھیت میں چھپا رکھا تھا اور پولیس پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے دفاع میں فائرنگ بھی کی جس میں اسے ٹانگ میں گولی لگنے سے زخم آئے۔‘‘
حراست میں رہتے ہوئے یادو نے اعتراف کیا کہ اس نے پرجاپتی کو قتل کیا تھا، جس کے بعد پولیس اسے اس کا سر برآمد کرنے کے لیے ایک جگہ لے گئی تھی۔
پولیس نے یادو کے والدین، چچا، چچی، بہن اور کزن کے خلاف بھی آرادھنا کے قتل کی سازش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے، جو کہ فرار ہیں۔ سرویش پر 25,000 روپے کے نقد انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔