یو پی ایس پی سول سروسز 2020 نتائج : ۳۱ نہیں ۳۲ مسلم امیدوار ہوئے ہیں اس بار کامیاب

افروز عالم ساحل

یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس پی) نے گزشتہ 24 ستمبر کو سول سروسز 2020 کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ سوبھم کمار نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2020 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین نے امتحان میں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

اس امتحان میں کل 761 امیدوار منتخب کئے گئے ہیں، جن میں 263 جنرل، 86 ای ڈبلیو ایس، 229 او بی سی، 112 درج فہرست ذاتیں اور 61 درج فہرست قبائل کیٹیگری کے امیدوار شامل ہیں۔

ہفت روزہ دعوت نے یو پی ایس سی 2020 کے نتائج سے تمام مسلم امیدواروں کے نام جمع کرنے کی کوشش کی اور فہرست تیار کی ہے۔

اس بار یو پی ایس پی سول سروسز 2020 امتحان کے761 کامیاب امیدواروں کی اس فہرست کے مطابق 32 مسلمان ہیں۔ اگر فیصد کے اعتبار سے بات کی جائے تو کامیاب مسلمانوں کی صرف 4.20 فیصد ہے۔ سال 2019 میں یہ فیصد 5.42 تھا۔ وہیں سال 2018 میں صرف 3.95  فیصد مسلم امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ سال 2017 میں کامیاب ہونے والے مسلمان امیدواروں کا یہ فیصد 5.25 اور سال 2016 میں 4.55 فیصد رہا ہے۔