یوپی انتخابات: کانگریس نے کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کے درمیان اگلے 15 دنوں کے لیے اپنی انتخابی ریلیاں ملتوی کیں
نئی دہلی، جنوری 5: کانگریس نے اتر پردیش میں اگلے 15 دنوں میں ہونے والی اپنی تمام انتخابی ریلیوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان پون کھیرا نے آج اس کی خبر دی۔
کھیرا نے کہا ’’دیگر انتخابی ریاستوں میں ریلیوں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ پارٹی انچارجز کی رپورٹس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔‘‘
اے این آئی کے مطابق کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی کہا کہ پولنگ والی ریاستوں میں پارٹی کے انچارج کووڈ 19 کی صورت حال کی بنیاد پر فیصلہ لیں گے۔
معلوم ہو کہ اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں فروری-مارچ میں انتخابات ہونے والے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے بھی گوتم بدھ نگر میں جمعرات کو ہونے والی ایک سرکاری تقریب منسوخ کر دی ہے کیوں کہ ضلع میں کورونا وائرس کے معاملات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
بھارت میں گذشتہ چند دنوں میں کورونا وائرس کے معاملات میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بدھ کے روز ہندوستان میں 58,097 کوویڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو منگل کے 37,379 کیسوں کی گنتی سے 55.42 فیصد زیادہ ہے۔ 2020 میں وبائی مرض شروع ہونے کے بعد سے ملک میں 3,50,18,358 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس وبائی امراض کے درمیان، سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو انتخابات اور ریلیوں کے انعقاد پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دسمبر میں الہ آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر زور دیا تھا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کو ملتوی کریں اور کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کے خدشات کے پیش نظر سیاسی ریلیوں پر پابندی عائد کریں۔
پچھلے سال مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرالہ، آسام اور پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کورونا وائرس کی تباہ کن دوسری لہر کے درمیان ہوئے تھے، جب ملک کئی دنوں تک کووڈ 19 کے معاملات میں ریکارڈ اضافے سے لڑ رہا تھا اور اسپتالوں میں بستر اور آکسیجن ختم ہو گئی تھی۔ اس وقت سیاست داں انتخابی ریلیاں نکال رہے تھے جن میں ہزاروں افراد نے ماسک یا جسمانی دوری کے بہت کم ثبوت کے ساتھ شرکت کی۔