یونانی طب کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی: پرشوتم روپالا

حکیم عبدالرزاق قاسمی قریشیؒ کو خراجِ عقیدت اور طبیہ کالج کے قیام کی منصوبہ بندی

0

احمد آباد (دعوت نیوز ڈیسک)

‘طبِ یونانی صرف ماضی کی کامیابیوں پر فخر کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ یہ موجودہ زمانے میں مؤثر طریقہ علاج بھی ہے اور مستقبل کی ضرورت بھی‘ اسی جذبے کے ساتھ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس، گجرات کے زیر اہتمام سردار پٹیل یادگار آڈیٹوریم میں معروف حکیم و مصلح حکیم عبدالرزاق قاسمی قریشیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی۔
اس موقع پر ممبر لوک سبھا، راج کوٹ اور سابق مرکزی وزیر جناب پرشوتم روپالا نے حکیم قاسمیؒ کی خدمات کو سراہتے ہوئے طبِ یونانی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یونانی طب کو صرف تقریروں میں نہیں بلکہ تعلیمی اداروں، ریسرچ سنٹرز اور ہسپتالوں کے ذریعے زندہ رکھنا ہوگا۔
تقریب میں گجرات میں طبیہ کالج کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی جسے یونانی طبی کانگریس کے رہنماؤں نے وقت کی ضرورت قرار دیا۔ ڈاکٹر محمد یاسر قریشی، ڈاکٹر محمد طاہر راجپوت، ڈاکٹر ارون بھٹ اور محمد عمران قنوجی سمیت کئی رہنماؤں نے اس سلسلے میں مثبت حکمت عملی پر زور دیا۔
پروگرام میں شریک طبی و سماجی شخصیات نے حکیم صاحب کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا کہ اُن کے مشن کو ادارہ جاتی سطح پر جاری رکھا جائے گا۔

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 جون تا 05 جولائی 2025