ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی سڑک حادثے میں المناک موت،سرکردہ شخصیات کا اظہا ر غم
نئی دہلی، ستمبر 5: مشہور کنسٹرکشن کمپنی شاپور جی پالونجی گروپ کے سربراہ اور ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی اتوار کو مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔اس حادثے میں ان کا ایک ساتھی بھی ہلاک ہو گیا۔
ان کی موت کی خبر سے سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر جگدیپ دھنکھر، مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور صنعت کی مختلف شخصیات نے مسٹر مستری کی سڑک حادثے میں موت کی خبر پر تعزیت کا اظہار کیا۔
مہاراشٹرا پولیس کے مطابق 54 سالہ مسٹر مستری ایک مرسڈیز کار میں احمد آباد سے ممبئی جا رہے تھے کہ راستے میں ندی کے پل پر یہ حادثہ پیش آیا۔
پالگھر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بالا صاحب پاٹل نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ دوپہر تقریباً 3.15 بجے اس وقت پیش آیا جب مسٹر مستری احمد آباد سے ممبئی جا رہے تھے۔ حادثہ سوریا ندی پر پل پر پیش آیا۔ ان کی کار بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی۔مسٹر مستری کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق جب یہ حادثہ ہوا تو یہ مرسڈیز کار گجرات سے ممبئی جا رہی تھی۔ جیسے ہی یہ سوریا ندی کے پل پر پہنچی، توچروٹی کے قریب ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ پولیس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مسٹر مستری کے قریبی دوست جہانگیر دنشا پنڈولے کی بھی اس حادثے میں موت ہو گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ کار اناہیتا پنڈول چلا رہی تھیں۔ وہ بھی شدید زخمی ہیں۔ ان کے شوہر داریال پنڈولے کو بھی اناہیتا کے ساتھ زخمی حالت میں واپی کے ریمبو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دہلی میں جاری ایک پیغام میں نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ مسٹر مستری کی سڑک حادثے میں موت ہندوستانی صنعت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
مسٹر دھنکھڑ نے کہا، "سائرس مستری کے اہل خانہ اور دوستوں سے میری تعزیت۔ خدا ان کی روح کو سکون عطافرمائے۔”
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مسٹر مستری ایک ہونہار کاروباری رہنما تھے اور ان کا بے وقت انتقال تجارت اور صنعت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا، ’’مسٹر سائرس مستری کا بے وقت انتقال صدمہ پہنچانے والا ہے۔ وہ ایک ہونہار کاروباری رہنما تھے جو ہندوستان کی معاشی طاقت پر یقین رکھتے تھے۔ ان کا انتقال صنعت و تجارت کی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت۔ ان کی روح کو سکون ملے۔”
مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کہا کہ ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کا انتقال ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
مسٹر شندے نے ایک بیان میں کہا، "ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کے انتقال کے بارے میں سن کرحیران ہوں۔
مسٹر شندے نے مزید کہا، ’’وہ نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے بلکہ صنعت میں ایک نوجوان، روشن اور بصیرت رکھنے والی شخصیت کے طور پر بھی دیکھے جاتے تھے۔ یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ میری دلی تعزیت۔”
مسٹر راہل گاندھی نے کہا کہ وہ مستری کے انتقال کی افسوسناک خبر سے غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا، "وہ ملک کے سب سے باصلاحیت کاروباری ذہنوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں سے میری دلی تعزیت ہے۔”
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے سڑک حادثے میں صنعتکار سائرس مستری کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
محترمہ بنرجی نے ٹویٹ کیا، "میں مسٹر سائرس مستری کے بے وقت انتقال سے بہت غمزدہ ہوں۔ ان کے خاندان سے میری تعزیت۔
ٹاپ بزنس ٹائیکون میں شامل آنند مہندرانے کہا کہ غم کی اس خبر کو ہضم کرپانا مشکل ہے۔
ایم اینڈ ایم گروپ کے ٹاپ باس آنند مہندرا نے کہا، "ٹاٹا گروپ کے سربراہ کے طور پر اپنی مختصر مدت کار کے دوران، میں مسٹر سائرس کو اچھی طرح جانتا تھا۔ مجھے یقین تھا کہ وہ عظمت کا مقدر تھا۔ اگر زندگی میں اس کے لیے اور بھی منصوبے تھے، تو ایساہی ہو، لیکن زندگی کو ان سے چھین لیا گیا۔ اوم شانتی۔”
آر پی جی انٹرپرائزز کے چیئرمین ہرش گوئنکا نے حادثے میں مستری کی موت پر غم کا اظہار کیا۔
مسٹر گوئنکا نے کہا، "وہ ایک دوست، ایک شریف آدمی اور ایک حقیقی انسان تھے۔ انہوں نے عالمی مینوفیکچرنگ کمپنی شاپور جی پلونجی کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا اور ٹاٹا گروپ کی قیادت کی تھی۔
ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے ٹاٹا گروپ کے سابق سربراہ سائرس مستری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کم عمری میں انتقال واقعی ایک افسوسناک واقعہ ہے۔
ایک بیان میں مسٹر چندر شیکھرن نے کہا کہ مجھے مسٹر مستری کے بے وقت انتقال سے بہت دکھ ہوا ہے۔ وہ واقعی زندگی کے حوالے سے بہت پرجوش تھے، اتنی کم عمر میں انتقال کر جانا افسوسناک واقعہ ہے۔ اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے۔