اسمبلی انتخابات: چندر شیکھر آزاد کا کہنا ہے کہ وہ گورکھپور سیٹ پر آدتیہ ناتھ کو شکست دے دیں گے، دیگر اہم خبریں
- آزاد سماج پارٹی کے بانی چندر شیکھر آزاد نے آج کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ 1971 کے اسمبلی انتخابات کی طرح گورکھپور حلقہ سے ہار جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’1971 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ ٹی این سنگھ کو گورکھپور کے لوگوں نے شکست دی تھی۔ اسی طرح آدتیہ ناتھ اب وزیر اعلیٰ ہیں اور پچھلے پانچ سالوں میں یوپی اور گورکھپور کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔‘‘ آزاد نے مزید کہا کہ وہ آدتیہ ناتھ کو شکست دیں گے۔
- انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق گوا کے سابق وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے بیٹے اُتپل پاریکر آج پنجی اسمبلی حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ اُتپل پاریکر نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو چھوڑ دیا تھا جب اس نے پنجی حلقے سے دوسرا امیدوار کھڑا کیا تھا اور انھیں ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔
- اے این آئی کی خبر کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے 27 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ 2017 میں کانگریس چھوڑ کر بھگوا پارٹی میں شامل ہونے والے فتح سنگھ باجوہ بٹالہ سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ نیشنل کمیشن آف شیڈیولڈ کاسٹ کے چیئرپرسن وجے سانپلا پھگواڑہ سیٹ کے لیے انتخاب لڑیں گے۔
- سماج وادی پارٹی نے جمعرات کو 403 سیٹوں والے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے 56 امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلان کیا۔ اب تک اس نے 254 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے اکبر پور سے سابق بہوجن سماج پارٹی لیڈر رام اچل راج بھر اور کٹہاری کے لال جی ورما کو میدان میں اتارا ہے۔ اتر پردیش میں اپوزیشن لیڈر رام گووند چودھری بلیا ضلع کی بنسدیہ سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
- اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے کھتیما اسمبلی سیٹ سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ دھامی نے ایک مقامی مندر میں پوجا کی اور نامزدگی داخل کرنے سے پہلے گھر گھر مہم چلائی۔