ناانصافی اور بدعنوانی کے خلاف بولنے کا وقت آگیا ہے: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورن گاندھی

نئی دہلی، اگست 23: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ورن گاندھی نے اتوار کے روز کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شہری ناانصافی اور بدعنوانی جیسے مسائل کے خلاف آواز بلند کریں۔

پیلی بھیت کے ایم پی نے جو بار بار اپنی پارٹی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے خلاف بولتے رہے ہیں، کہا کہ وہ کوششیں کر رہے ہیں تاکہ ملک کے بچوں اور نوجوانوں کو عزت ملے اور کوئی بھی مدد مانگنے پر اپنا سر جھکانے پر مجبور نہ ہو۔

انھوں نے اپنے حلقے میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا ’’جب تک اس ملک میں روزگار ختم نہیں ہوتا اور آپ کے بچوں کو نوکریاں نہیں مل جاتیں، میرا سنگھرش [میری لڑائی] جاری رہے گی۔ ہم کرپشن کے خلاف بھی اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔‘‘

گاندھی نے انڈور کھیلوں کے ایک میدان کا افتتاح کرنے کے لیے شہر کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے شہری بلدیاتی اداروں کے اراکین سے بھی بات کی۔

گاندھی کو گذشتہ سال بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو کمیٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

یوم آزادی سے پہلے گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ ہریانہ میں راشن کارڈ ہولڈروں کو ان کی ماہانہ فراہمی کے حصول کے لیے قومی پرچم خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

اس مہینے کے شروع میں گاندھی نے خراب قرضوں کی ایک فہرست ٹویٹ کی تھی جو مالی سال 2017-18 کے بعد سے معاف کردیے گئے ہیں۔ یہ فہرست 2 اگست کو وزیر مملکت برائے خزانہ بھاگوت کراڈ کے راجیہ سبھا میں دیے گئے جواب کی بنیاد پر جمع کی گئی۔

انھوں نے حال ہی میں اتر پردیش میں نئے کھولے گئے بندیل کھنڈ ایکسپریس وے پر کیے گئے تعمیراتی کام کے معیار پر بھی مرکز کی تنقید کی تھی۔ 296 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 16 جولائی کو کیا تھا۔ تاہم اس کے کچھ حصے جالون ضلع کے قریب شدید بارش کے بعد دھنس گئے۔