’تلنگانہ ہندوستان کا افغانستان، کے سی آر اس کے طالبان‘، وائی ایس شرمیلاکا متنازعہ تبصرہ
تلنگانہ پولیس نے اتوار کو وائی ایس شرمیلا کو محبوب آباد کے ایم ایل اے اور بی آر ایس لیڈر شنکر نائک کے خلاف مبینہ طور پر نامناسب تبصرہ کرنے پر حراست میں لے لیا
نئی دہلی،19فروری :۔
تلنگانہ میں اس سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہاں کی سیاست کافی گرم ہو گئی ہے۔ تمام جماعتیں ایک دوسرے پر حملہ آور نظر آرہی ہیں۔ دریں اثنا، یوواجنا شرمک رائتھو تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) کی سربراہ وائی ایس شرمیلا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دراصل، محبوب آباد کے ایم ایل اے شنکر نائک کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرہ کرنے کا الزام تھا۔ انہیں محبوب آباد میں پد یاترا کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔
دریں اثنا وائی ایس آر ٹی پی سربراہ وائی ایس شرمیلا نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔ شرمیلا نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ ہندوستان کا افغانستان ہے اور کے سی آر اس کے طالبان ہیں۔ محبوب آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا،کہ وہ (تلنگانہ کے سی ایم کے سی آر) ایک آمر ہیں، وہ بے رحم/ظالم ہیں، تلنگانہ میں کوئی ہندوستانی آئین نہیں ہے، صرف کے سی آر کا آئین ہے۔ تلنگانہ ہندوستان کا افغانستان ہے اور کے سی آر اس کے طالبان ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ پولیس نے اتوار کو وائی ایس شرمیلا کو محبوب آباد کے ایم ایل اے اور بی آر ایس لیڈر شنکر نائک کے خلاف مبینہ طور پر نامناسب تبصرہ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔محبوب آباد میں امن و امان کے کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے پولیس انہیں حیدرآباد لے گئی ہے۔ شرمیلا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 504 (امن کی خلاف ورزی کرنے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین) اور ایس سی/ایس ٹی پی او اے ایکٹ کی دفعہ 3 (1) آر کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دراصل، وائی ایس شرمیلا اور ان کے حامیوں پر حملہ کرتے ہوئے محبوب آباد کے ایم ایل اے نے انہیں باہری بتایا تھا۔ اس کے بعد وائی ایس شرمیلا بھڑک اٹھیں اور ہفتہ کے روز انہوں نے ایم ایل اے شنکرکے خلاف نازیبا تبصرہ کیا۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وائی ایس شرمیلا نے محبوب آباد کے ایم ایل اے پر وعدے پورے نہ کرنے پر تنقید کی تھی اور کہاتھا’آپ نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کئے، آپ اپنے وعدے پورے نہیں کرتے۔” اس کا مطلب ہے کہ آپ کاسٹریٹ(نامرد) ہیں۔ اس واقعہ کے بعد بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) نے ضلع میں شرمیلا کے خلاف دھرنا دیا۔ مظاہرین وائی ایس ٹی آر پی کے سربراہ کے خلاف سڑک پر اتر کر’’شرمیلا واپس جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے اور پارٹی کے ہورڈنگز اور فلیکس وغیرہ کو نذر آتش کر دیا۔
اس سے پہلے بھی گرفتار ہو چکی ہیں
بتا دیں اس سے پہلے بھی شرمیلا کئی بار گرفتار ہو چکی ہیں۔ وائی ایس آر ٹی پی سربراہ وائی ایس شرمیلا کو ورنگل پولیس نے وہاں مارچ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ اس کے باوجود وہ تانگ بند امبیڈکر کے مجسمے پر احتجاج کر رہی تھیں۔ انہیں اس وقت بھی گرفتار کیا گیا جب وہ حیدرآباد میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی آر کی رہائش گاہ پرگتھی بھون کی طرف بڑھ رہی تھیں۔