تیستا سیتلواڈ عبوری ضمانت پر رہا، انصاف پسند حلقوں میں خوشی کی لہر

نئی دہلی، ستمبر 2: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یو یو للت پر مشتمل سہ رکنی بینچ نے تیستا سیتلواڈ کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ گزشتہ دو ماہ سے زیرحراست ہے اور پولیس نے پوچھ گچھ کے تمام لازمی طریقہ کار کو مکمل کرلیا ہے نیز مزید دنوں تک اسے تحویل میں نہیں رکھا جاسکتا- اس کی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے تیستا سیتلواڈ کو یہ بھی حکم دیا کہ جب تک ہائی کورٹ اس معاملے پر غور نہ کرے وہ اپنا پاسپورٹ تفشیش کاروں کے حوالے کردیں نیز عدالت نے تیستا کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں۔

خیال رہے کہ تیستا سیتلواڈ نے گجرات ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست داخل کی تھی جسے گجرات ہائی کورٹ نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ معاملے کی تفشیش جاری ہے اور بادی النظر میں ملزمہ کے خلاف شواہد موجود ہیں۔

درخواست ضمانت مسترد کر دئے جانے کے بعد گجرات مسلم کش فسادات میں مسلمانوں کو انصاف دلوانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والی تیستا سیتلواڈ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ آج اس معاملے پر ملک کی سب سے بڑی عدالت نے اپنا حتمی فیصلہ دے دیا-

گزشتہ کل درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران چیف جسٹس یو یو للت نے گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست رد کئے جانے پر بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسکی سرزنش کی تھی اور کہا تھا کہ جن جرائم کے تحت ملزمہ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا وہ قابل ضمانت ہے۔ اس لیے ان کی ضمانت رد نہیں کی جاسکتی۔

تیستا سیتلواڈ کی ضمانت کا فیصلہ آنے کے بعد ملک کے انصاف پسند طبقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ معروف سماجی کارکن و صحافی نیز تیستا کے شوہر جاوید آنند نے تیستا کی عبوری ضمانت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں عدلیہ، آئین اور دستور ہند پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں انصاف ملا، سپریم کورٹ نے انصاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی کی شرائط اور ہدایات پر پوری طرح عمل کریں گے۔

جاویدآنند نے مزید کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں نے سازشوں کا جوالزام عائد کیا ہے، وہ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔

ممبئی کے ایک مشہور سماجی کارکن اور حقوق انسانی کے لیے سرگرم فیروز میٹھی بوروالا نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں انہیں حتمی ضمانت مل جائے گی، انہوں نے الزام لگایا کہ تیستا کو ان کے گھر سے گجرات پولیس کے تحت اے ٹی ایس نے مبینہ طور پر "اغواء” کیا تھا اور انہیں زبردستی گجرات لے جایا گیا تھا۔

فیروز میٹھی بوروالا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ روز تیستا کے معاملہ میں سخت ریمارکس سے محسوس ہوگیا تھا کہ انہیں جلد ضمانت مل جائے گی۔