تفہیم القرآن (ہندی) کے ایپ کا اجرا

اب موبائل پر قرآن مجید کی تلاوت ، ہندی ترجمہ اور تفسیر تفہیم القرآن پڑھنے کی سہولت

نئی دلی:(دعوت نیوز ڈیسک)

مرکز جماعت اسلامی ہند کے شوریٰ ہال میں مولانا سید ابو الاعلی مودودیؒ کی مشہور تفسیر تفہیم القرآن کے ہندی ترجمہ کے ایپ کے اجراء کی تقریب جناب سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی ہند کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ہندی ترجمہ قرآن اپلیکیشن کی تیاری کا یہ کام جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ’اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ‘ کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی ہند، جناب سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں اپلیکیشن کا اجراء عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر تفہیم القرآن کے ہندی مترجم جناب نسیم غازی فلاحی، نائب امیر جماعت، ملک معتصم خان، مولانا انیس الرحمن قاسمی، سابق ناظم، امارت شریعہ بہار، ٹرسٹ کے ذمہ داران و دیگر اہم شخصیات نے بھی اجراء کی اس تقریب سے خطاب کیا۔
جناب یوسف امین نے، جنہوں نے یہ ایپ تیار کیا ہے، ایپ کے اہم فیچرس کا تعارف پیش کیا۔ اس ایپ میں پورے قرآن مجید کی تلاوت، اس کا ہندی ترجمہ اور تفہیم القرآن کی تفسیر کو شامل کیا گیا ہے۔ ایپ کے ذریعے ترجمہ اور تفسیر دونوں پڑھے جا سکتے ہیں، ہندی آڈیو ترجمہ بھی اس ایپ کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
تفہیم القرآن کے ہندی مترجم مولانا نسیم احمد غازی فلاحی نے بتایا کہ ترجمے کے اس کام میں 12 برس لگے۔ ترجمے کے ساتھ قرآنی اصطلاحات کی مختصر تشریح اور احادیثِ نبوی کے حوالے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ مولانا انیس الرحمٰن قاسمی سابق ناظم امارت شرعیہ بہار و نائب صدر آل انڈیا ملّی کونسل نے ترجمے کے کام کی نزاکت اور حساسیت پر گفتگو کرتے ہوئے اس کام میں شامل افراد کو مبارک باد پیش کی۔
ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی، نیشنل سکریٹری شرعیہ کونسل، جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ یہ کام صدقۂ جاریہ ہے، اس میں جن لوگوں نے بھی کسی طرح کا تعاون پیش کیا ہے وہ سب اجر کے مستحق ہیں‘‘
جناب ملک معتصم خاں نائب امیر جماعت نے بھی اس کام پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو مبارک باد پیش کی۔ ٹرسٹ کے چیئرمین جناب فرحت حسین نے بتایا کہ تلخیص تفہیم القرآن، جسے مولانا صدر الدین اصلاحی نے تیار کیا تھا، اس کا ہندی ترجمہ مولانا کوثر یزدانی ندوی نے کیا تھا، اسے بھی اس ایپ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ نے دینی کتابوں کو بھی ڈیجیٹل شکل میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
آخر میں امیر جماعت نے صدارتی کلمات پیش کیے۔ انہوں نے ٹرسٹ کے ذمہ داروں اور ایپ ڈیولپ کرنے والے نوجوان یوسف امین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مودودی نے تفسیر لکھنے میں بہت محنت کی ہے۔ تفہیم القرآن کی تیاری کے ضمن میں مولانا نے جرمن زبان سیکھی، ہندو مت اور عیسائیت کی بنیادی کتابوں کا باریکی سے مطالعہ کیا، دیگر افکار و نظریات کا بھی ناقدانہ جائزہ لیا اور انتہائی تحقیق کے ساتھ تفسیر لکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ کے ذریعے یہ بہت اہم کام انجام پایا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ عام کریں تاکہ یہ نہ صرف مسلمانوں تک پہنچے بلکہ ہندی زبان جاننے والے ہر شخص تک اس کی رسائی ہو۔ اس ایپ کو Android اور IOS پر انسٹال کیا جا سکتا ہے۔ اسے Play Store میں جا کر Tafheemul Quran Hindi ٹائپ کرکے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے یا درج ذیل لنک کے ذریعے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
Link for Android Users
https://play.google.com/store/apps/details?id=com.fenzy_seller
Link For iOS (Apple) User
https://apps.apple.com/in/app/tafheemul-quran-hindi/id6739448995

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 05 جنوری تا 11 جنوری 2024