جلگاؤں: (دعوت نیوز ڈیسک)
چالیس گاؤں کے بہتر سالہ بزرگ سید اشرف علی منیار کے ساتھ پیش آنے والے سنگین واقعے کے بعد جلگاؤں کی مختلف سماجی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفد نے بھساول ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے مینیجر (ڈی آر ایم) اور ریلوے پولیس بھساول ڈویژن سے ملاقات کی۔ سید اشرف علی کو کلیان اور تھانے ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان دھولیہ – سی ایس ٹی ٹرین نمبر 11012 میں آٹھ سے دس غیر مسلم غنڈوں نے شدید زد و کوب کیا، ان کی جیب سے رقم لوٹ لی اور انہیں مذہبی تعصب کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعے کے بعد بھی حملہ آوروں پر معمولی دفعات لگا کر انہیں فوراً ضمانت دے دی گئی، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
وفد نے ڈی آر ایم بھساول ڈویژن کے ذریعے انڈین ریلوے سے مطالبہ کیا کہ سید اشرف علی کو پچیس لاکھ روپے بطور معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کے نقصان کی تلافی ہو سکے۔ ایڈیشنل ڈی آر ایم ایس کے سمن نے مطالباتی مکتوب وصول کرتے ہوئے اس کو ریلوے انتظامیہ تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔
علاوہ ازیں وفد نے بھساول ڈویژن کے ریلوے پولیس انسپکٹر ایس آر دھائیکر کے ذریعے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مہاراشٹر ریلوے، پروین سالونکھے سے بھی مطالبہ کیا کہ مجرموں کو سنگین دفعات کے تحت دوبارہ گرفتار کیا جائے اور جلد از جلد مفرور لوگوں کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ شکایت کنندہ کا ضمنی بیان لیا جا چکا ہے اور تحریری شکایت کی بنیاد پر ملزمین کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
اس وفد میں جلگاؤں شہر کی سرکردہ شخصیات، منیار برادری کے صدر فاروق شیخ، راشٹروادی (شرد پوار) کے صدر مظہر پٹھان، راشٹروادی (اجیت پوار) کے ندیم ملک، پرہار ایسوسی ایشن کے صدر یوسف خان، معروف صحافی علی انجم رضوی، سماجی کارکن انیس شاہ، سید عرفان، خلیل اہل کار، تنویر شیخ، بھساول میونسپل کونسل کے رکن امتیاز شیخ اور پاپا ممبر شامل تھے۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 15 ستمبر تا 21 ستمبر 2024